جمعرات , 18 اپریل 2024

آڈیو لیک سے پتہ چل گیا فیصلے لندن میں ہورہے ہیں،فواد چوہدری

جہلم:رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم آفس کی آڈیو لیک ہونے پر تشویش ہے اگر وزیر اعظم ہاؤس محفوظ نہیں تو پھر کونسی جگہ محفوظ ہے۔جہلم میں میڈیا سے گفتگو میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ایٹمی طاقتوں میں شامل ملک کے وزیر اعظم کے دفتر کی گفتگو ڈارک ویب پر دستیاب ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ آڈیو لیک سے پتہ چلتا ہے کہ فیصلے لندن میں ہورہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ معاملہ وزیراعظم آفس کی سیکیورٹی پر تعینات ایجنسیز کی ناکامی ہے۔

سابق وزیراطلاعات نے کہا کہ آڈیو میں مریم نواز شہباز شریف سے یہ مطالبہ کر رہی ہیں کہا ان کے داماد کی جو مشینری انڈیا سے آرہی ہے اسے آنے دیا جائے۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مریم نواز پبلک میں کہتی ییں کہ تیل کی قیمت نہیں بڑھنی چاہے لیکن آڈیو میں کہہ رہی ہیں کہ قیمتیں بڑھنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں۔

رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ مفتاح اسماعیل نے ان کی بڑی خدمت کی مگر اب سارا گند ان پر ڈال کر اسحق ڈار کو لایا جارہا ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اگر انتخابات کی تاریخ اور سائفر کی تحقیقات کرائی جائیں تو اسمبلی میں واپس جاسکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہمارا اصل ہدف انتخابات ہے جس کی طرف بعیر کسی کشیدگی کے بڑھ رہے ہیں۔

یہ بھی دیکھیں

سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کردی

کراچی: سعودی عرب نے پاکستان کی معیشت کو استحکام دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ …