ہفتہ , 26 نومبر 2022

سائفر آڈیو لیکس؛ وفاقی کابینہ نے عمران خان کے خلاف قانونی کارروائی کی منظوری دے دی

اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے سائفر کی آڈیو لیکس کے معاملے پر سابق وزیراعظم عمران خان، اسد عمر، شاہ محمود قریشی اور سابق سیکریٹری ٹو پرائم منسٹر اعظم خان کے خلاف قانونی کارروائی کی باضابطہ منظوری دے دی۔

ذرائع کے مطابق کابینہ نے ‘ڈپلومیٹک سائفر’ سے متعلق آڈیو لیک پر ایف آئی اے کے ذریعے تحقیقات اور قانونی کارروائی کی منظوری دی ہے۔ کابینہ نے 30 ستمبر کو عمران خان کی سائفر سے متعلق آڈیو لیک پر کابینہ کمیٹی تشکیل دی تھی۔ کابینہ کمیٹی نے یکم اکتوبر کو منعقدہ اجلاس میں قانونی کارروائی کی سفارش کی۔

کابینہ کمیٹی کی سفارشات کو سمری کی شکل میں کابینہ کی منظوری کے لیے پیش کیا گیا جس کے بعد وفاقی کابینہ نے ‘سرکولیشن’ کے ذریعے کابینہ کمیٹی کی سفارشات کی منظوری دی۔

کابینہ کمیٹی نے اپنی سفارشات میں کہا ہے کہ یہ قومی سلامتی کا معاملہ ہے جس کے قومی مفادات پر سنگین مضر اثرات ہیں، قانونی کارروائی لازم ہے، یف آئی اے سینئر حکام پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے۔

سفارشات میں کہا گیا ہے کہ ایف آئی اے انٹیلی جنس اداروں سے بھی افسران اور اہل کاروں کو ٹیم میں شامل کر سکتی ہے، ایف آئی اے کی ٹیم جرم کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرے۔

یاد رہے کہ ڈپلومیٹک سائفر سے متعلق عمران خان کی پہلی آڈیو 28 ستمبر اور دوسری آڈیو 30 ستمبر کو منظر عام پر آئی۔ آڈیو لیکس میں عمران خان، اعظم خان، شاہ محمود قریشی اور اسد عمر سائفر تبدیل کرنے کے بارے میں مشورہ کر رہے ہیں۔

یہ بھی دیکھیں

روس کیخلاف پابندیوں کا 9واں پیکج تیار کر رہے ہیں:یورپی یونین کمیشن

کیف:روس کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے میں یوکرائن کے 50 فوجیوں کو رہا کر دیا …