ہفتہ , 20 اپریل 2024

عمران خان کے خلاف مقدمے بنانے سے کچھ نہیں ہوگا، وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ عمران خان کے خلاف مقدمے بنانے سے کچھ نہیں ہوگا، رانا ثنا اللہ کو ماڈل ٹاؤن کیس میں عمر قید ہوگی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے100ارب روپے کے پنجاب احساس راشن رعایت پروگرام کا آغازکردیا، پنجاب احساس پروگرام کی چیئرپرسن سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر،سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی، مشیر عمر سرفراز چیمہ بھی ہمراہ تھے۔

پروگرام کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا کہ حکومت پنجاب کی اراضی کا قبضہ واگزار کرائیں گے اورقبضہ مافیاء کو انجام تک پہنچایاجائے گا، پرانے قبضہ گروپوں کو کیفر کردارتک پہنچائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ رواڈا کی اراضی پر قبضہ کرنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے، ریورراوی اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ ہمارا فلیگ شپ پروگرام ہے، میں جانتا ہوں کہ صوبہ کس طریقے سے چلانا ہے۔

پرویز الہیٰ نے کہا کہ وفاقی حکومت سارے افسر بھی لے جائے،پھر بھی پنجاب چلتا رہے گا اوراب بھی پنجاب بہترین چل رہا ہے، وفاقی حکومت کاتجربہ صرف جھوٹے کیس بنانے میں ہے،عوام کیلئے کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے خلاف مقدمے بنانے سے کچھ نہیں ہوگا، عمران خان کے خلاف جتنے مرضی مقدمے بنالیں یہ خود شرمندہ ہوں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ان لوگوں نے کسی غریب آدمی کیلئے کوئی کام نہیں کیا، یہ سب بڑھکیں مارتے ہیں،نہ کچھ کرسکتے ہیں نہ کچھ ان سے ہوتا ہے، ان لوگوں کو صرف جھوٹے کیس بنانا آتے ہیں اس میں یہ پہلے بھی ناکام ہوئے ا ور اب بھی ناکام ہیں۔

پرویز الہیٰ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے ساتھ 22برس سیاست کی ہے، ان کی رگ رگ سے واقف ہوں، رانا ثناء اللہ صرف بڑھکیں مارتا پھرتا ہے،اس نے ایسے پکڑے جانا ہے کہ پھربھاگنے کاراستہ نہیں ملے گا، رانا ثناء اللہ کوماڈل ٹاؤن کیس میں عمر قید ہونی ہے کیونکہ یہ کیس شفاف اور بالکل ٹھیک ہے۔

یہ بھی دیکھیں

سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کردی

کراچی: سعودی عرب نے پاکستان کی معیشت کو استحکام دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ …