بدھ , 7 دسمبر 2022

تحریک عدم اعتماد کے بعد سے ادارے متنازع سے آئینی کردار کی طرف منتقل ہو رہے ہیں، بلاول

اسلام آباد: وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے تحریک عدم اعتماد کے بعد سے ادارے متنازع سے آئینی کردار کی جانب خود کو منتقل کررہے ہیں۔صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کے بعد سے ادارے متنازع سے آئینی کردار کی جانب خود کو منتقل کررہے ہیں جس کی میں حوصلہ افزائی کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں اداروں کی جانب سے متنازع سے آئینی کردار کی جانب خود کو منتقل کرنے کے عمل کے دوران کوئی غلط فہمی پیدا نہیں کرنا چاہتا۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج آج تک دہشت گردی کے نشانے پر ہے اور دہشت گردوں کا سامنا کررہی ہے، عام شہری، میرا خاندان اور ہمارے سپاہی دہشت گردی سے متاثر ہوئے، فوج نے دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لئے صف اول میں اپنا کردار ادا کیا۔

علاوہ ازیں بلاول بھٹو زرداری نے صحافی ارشد شریف کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کینیا میں پاکستان کا سفارت خانہ ارشد شریف کے قتل کے معاملے کو دیکھ رہا ہے، تحقیقات کے منتظر ہیں تاکہ اس کو مدنظر رکھ کر آگے کا لائحہ عمل بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں ہمیں صحافی ارشد شریف کے بچوں، والدہ اور اہلیہ سمیت خاندان کے افراد کا احساس کرنا چاہیے۔’مجھے عاصمہ جہانگیر کانفرنس میں نعروں کا بہتر انداز میں ردعمل دینا چاہیے تھا‘

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ انسانی حقوق کی تنظیم نے بھی عاصمہ جہانگیر کانفرنس میں نعرے لگائے اور میں نے اس کا بھی جو جواب دیا، وہ نامناسب تھا، میں ایک وفاقی وزیر ہوں، مجھے عاصمہ جہانگیر کانفرنس میں نعروں کا بہتر انداز میں ردعمل دینا چاہیے تھا۔

انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کے پلیٹ فارم پر وفاقی وزرا، سفیر مدعو تھے، عاصمہ جہانگیر کانفرنس میں لگنے والے نعرے نامناسب تھے، پاکستان میں سب نے مل کر دہشت گردی کا مقابلہ کیا ہے اور ہم سب اس کا شکار رہے۔

انہوں نے کہا کہ نعرے بازی کرتے ہوئے ہمیں سوچنا چاہیے کہ جو جوان دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے قربانیاں دے رہے ہیں، انہیں کوئی تکلیف نہ پہنچے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی عاصمہ جہانگیر کانفرنس سے خطاب کے دوران وکلا نے رکن قومی اسمبلی علی وزیر کی رہائی کے لیے نعرہ بازی کی۔ جس پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ’آپ وہاں جا کر احتجاج کریں جو ان کو رہا کر سکتے ہیں‘۔ ؎

یہ بھی دیکھیں

توہین عدالت کیس:اسد عمر نے عدالت سے معافی مانگ لی

لاہور:تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے توہین عدالت کیس میں لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ …