ہفتہ , 20 اپریل 2024

اسرائیل کے ساتھ مشترکہ اقدار اور اہم تعلقات ہیں، ترکی

انقرہ:ترکی کے وزیر دفاع ہولوسی آکار نے اس بات پر زور دیا کہ ترکی اور اسرائیل خطے کے اہم کھلاڑی ہیں اور اہم تعلقات کا اشتراک کرتے ہیں۔ترکی وزیر دفاع نے اسرائیلی ہم منصب بینی گانٹز کے ساتھ ملاقات کی اور بات چیت کے اختتام پر مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم تاریخی اور ثقافتی سطحوں پر اسرائیل کے ساتھ مشترکہ اقدار رکھتے ہیں۔ترکی اور اسرائیل کے درمیان تعلقات اور بالخصوص دفاع، سلامتی اور توانائی کے شعبوں میں بڑھتا تعاون علاقائی امن واستحکام کے حوالے سے اہم پیش رفت کا باعث بنے گا۔ترک وزیر دفاع نے تصدیق کی کہ ان کی گانٹز کے ساتھ نتیجہ خیز بات چیت ہوئی ہے۔

ہم نے معلومات اور خیالات کا تبادلہ کیا کہ ہم سلامتی اور استحکام کو بڑھانے اور خطے میں تعاون بڑھانے کے لیے کیا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ ترکی اور اسرائیل کے درمیان دفاع، دفاعی صنعت اور فوجی سکیورٹی تعاون کے میدان میں ماضی کا تجربہ اچھا رہا ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون اور بات چیت سے کچھ مسائل خاص طور پر مسئلہ فلسطین کے حل میں آسانی ہو گی۔گانٹز نے زور دیا کہ ترکی کے ساتھ تل ابیب کے تعلقات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں اور ہم اس کی حمایت جاری رکھیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ملکوں میں تجارت، سیاحت، صنعت اور بہت سے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ ہمارا مستقبل امید افزا ہے، تاہم یہ سب خطے اور دنیا میں استحکام اور سلامتی کو برقرار رکھنے میں ہمارے مشترکہ مفادات پر منحصر ہے۔انہوں نے ترکی میں اسرائیلی شہریوں اور یہودیوں کو قابل تشویش حد تک لاحق خطرات کو کم کرنے میں ترک صدر ایردوان، وزیر دفاع آکار اور سکیورٹی اداروں کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہاکہ دہشت گردی اور اس کی مالی معاونت کرنے والوں سے نمٹنے کے لیے اسرائیل اور ترکی کو اپنی صلاحیتیں بروئے کار لانا چاہیں۔ گانٹز نے مشرق وسطی اور مشرقی بحیرہ روم میں ہونے والی پیش رفتوں کے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ترکی امریکہ کا اتحادی اور نیٹو کا رکن ہے۔ ترکی عالمی استحکام کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

 

یہ بھی دیکھیں

ترک صدر اردوغان نے نیتن یاہو کو غزہ کا قصائی قرار دیدیا

انقرہ:ترک صدر رجب طیب اردوغان نے نیتن یاہو کو غزہ کا قصائی قرار دیا ہے۔ترکی …