ہفتہ , 20 اپریل 2024

عراقی سر زمین سے داعشی عناصر کا صفایا کیا جائے گا:عراقی وزیراعظم

بغداد:عراق کے وزیراعظم اور عراق کی مسلح افواج کے کمانڈر محمد شیاع السودانی نے ملک میں قانون کی حکمرانی اور عراق کا وقار بحال کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

عراق کے وزیراعظم اور مسلح افواج کے کمانڈر محمد شیاع السودانی نے دارالحکومت بغداد میں مشترکہ آپریشنل ہیڈکوارٹر کا معائنہ کرتے ہوئے داعش دہشت گرد عناصر کے خلاف آپریشن اور مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں نیز ملک کو لاحق خطرات کے مقابلے میں دفاعی توانائی و آمادگی کی قدردانی کی ہے۔

انھوں نے عراق کے فوجی افسران اور سیکورٹی حکام کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ تمام عراقی شہریوں کے ساتھ انسان دوستانہ روابط برقرار کرکے فوجیوں کا حوصلہ بڑھانے کے لئے فوجی چھاؤنیوں اور اڈوں کا دورہ تیز کردیں اور فوجیوں کے مسائل و مشکلات حل کرنے پر زیادہ توجہ دیں

عراق کے وزیراعظم محمد شیاع السودانی نے ہدایات دی ہیں کہ سیکورٹی چیک پوسٹوں اور فوجی عہدیداروں کے محافظوں کی تعداد کا بھی جائزہ لیں اور ایک رپورٹ تیار کریں۔ رہنماؤں کی حفاظت کے لئے سیکورٹی اہلکاروں کی تعداد اور چیک پوسٹوں کا معائنہ کرتے رہیں۔

المیادین ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق شمالی عراق میں کرکوک کے علاقے المصلی میں ہونے والے بم دھماکے میں کم سے کم چار افراد زخمی ہوئے ہیں ۔ابھی اس بم دھماکے کی مزید تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔

عراق کی سیکورٹی فورس داعش دہشت گرد گروہ کے دوبارہ نہ پنپنے اور اس گروہ کے باقی بچے عناصر کا صفایا کرنے کے لئے ملک کے مختلف علاقوں میں آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے۔

عراق نے دسمبر دو ہزار سترہ کو اعلان کیا تھا کہ عراق سے داعش دہشت گرد گروہ کا خاتمہ کر دیا گیا ہے اور ملک کے تمام علاقے عراقی فورسز کے زیر کنٹرول ہیں تاہم داعش دہشت گرد گروہ کے کچھ باقی بچے عناصر اب بھی اس ملک کے مختلف علاقوں میں روپوش ہیں جوموقع ملتے ہی دہشت گردانہ حملہ کر کے عراقی عوام میں دہشت کا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں تاہم ان باقی بچے دہشت گرد عناصر کا بھی صفایا کرنے کے لئے عراقی سیکورٹی فورس خاص طور سے عوامی رضاکار فورس الحشدالشعبی کے جوان مختلف علاقوں میں آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔

 

یہ بھی دیکھیں

عمران خان نے تحریک انصاف کے کسی بڑے سیاسی رہنما کے بجائے ایک وکیل کو نگراں چیئرمین کیوں نامزد کیا؟

(ثنا ڈار) ’میں عمران کا نمائندہ، نامزد اور جانشین کے طور پر اس وقت تک …