جمعرات , 1 دسمبر 2022

ٹی20 ورلڈکپ؛ آسٹریلیا سے شکست، افغان ٹیم میگا ایونٹ سے باہر

ایڈیلیڈ: ٹی20 ورلڈکپ میں سپر 12 مرحلے کے 26 ویں میچ میں آسٹریلیا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغانستان کو 4 رنز سے شکست دیدی۔ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان کے کپتان محمد نبی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلوی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز اسکور کیے، گلین میکس ویل 32 گیندوں 54 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔

دیگر کھلاڑیوں میں اوپنر ڈیوڈ وارنر 25، کیمرون گرین 3، مچل مارش 45، اسٹیون سمتھ 4، مارکس اسٹوئنس 25، کپتان میتھیو ویڈ 6، پیٹ کمنز صفر جبکہ کین رچرڈسن ایک رنز بناسکے۔افغانستان کی جانب سے نوین الحق نے 3، فضل الحق فاروقی 2 جبکہ راشد خان اور مجیب الرحمان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں افغان اوپنر عثمان غنی جلد وکٹ گنوا بیٹھے تھے انہوں نے 2 رنز بنائے، رحمان اللہ گرباز نے 30 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔ ابراہیم زادران اور گلبدین نائب نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 59 کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم گلبدین 99 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئے، جس کے بعد افغان ٹیم کے 3 کھلاڑی محض 4 رنز کا اضافہ کرکے پویلین لوٹ گئے۔

میچ کے اختتامی لمحات میں اسپنر راشد خان نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 23 گیندوں پر 4 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 48 رنز کی اننگز کھیلی تاہم وہ ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کروا سکے۔

ابراہیم زادران 36، گلبدین نائب 39، کپتان محمد نبی ایک، نجیب اللہ زادران صفر پر آسٹریلوی بالرز کا شکار بنے۔ آسٹریلیا کی جانب سے ایڈم زمپا اور جوش ہیزل ووڈ نے 2،2 جبکہ کین رچرڈسن نے ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ گروپ اے میں ٹاپ 2 ٹیموں کا فیصلہ کل انگلینڈ اور سری لنکا کے مابین میچ کے بعد ہوگا، اگر انگلینڈ لنکن ٹائیگرز کو شکست دیتا ہے تو بہتر رن ریٹ کی وجہ سے سیمی فائنل میں جگہ بنالے گا جبکہ شکست کی صورت میں آسٹریلیا سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلے گا۔

یہ بھی دیکھیں

انگلش ٹیم کے کپتان کا ٹیسٹ سیریز کی میچ فیس سیلاب متاثرین کو دینے کا اعلان

کراچی: انگلش ٹیم کے کپتان بین اسٹوک نے پاکستان میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچز …