جمعرات , 1 دسمبر 2022

ایران میں یوم مردہ باد استکبار ریلیاں، عرب میڈیا کی زبانی

تہران:فارس نیوز ایجنسی کے مطابق جمعہ 4 نومبر ایران میں یوم مردہ باد استکبار منایا گیا جس میں ملک بھر میں بڑے پیمانے پر امریکہ مخالف ریلیاں نکالی گئیں۔ مختلف عرب ذرائع ابلاغ نے بھی ان ریلیوں کی کوریج دیتے ہوئے ان کے بارے میں خبریں اور رپورٹس شائع کی ہیں۔ ان ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ ایرانی عوام نے عالمی استکبار کے خلاف متحد ہو کر اور امریکہ، صیہونی رژیم اور ان کے دیگر اتحادیوں کے دشمنانہ اقدامات کی مذمت کر کے واشنگٹن کی تمام کوششوں پر پانی پھیر دیا ہے۔ ذیل میں ہم چند اہم عرب ذرائع ابلاغ کا نقطہ نظر بیان کریں گے۔

سانا نیوز ایجنسی:

شام کے خبرساں ادارے سانا نیوز نے لکھا: "آج عالمی استکبار کے خلاف جدوجہد کے قومی دن کی مناسبت سے تہران اور ایران کے تمام شہروں میں وسیع ریلیاں منعقد کی گئیں۔ ان ریلیوں میں طلبہ سمیت مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ ریلیوں میں شریک افراد نے عالمی استکبار کی سازشوں کی مذمت کرتے ہوئے ایران کے سپریم لیڈر کی حمایت کا اعلان کیا اور شہادت کے اصول کی پابندی پر زور دیتے ہوئے شہداء کے مقام کی قدردانی کی۔”

المسیرہ نیوز چینل:

یمن کے نیوز چینل المسیرہ نے یوم مردہ باد استکبار کی مناسبت سے رپورٹ دیتے ہوئے کہا: "عالمی استکبار کے خلاف جدوجہد کے قومی دن کی مناسبت سے عوامی ریلیاں جمعہ کی صبح ہی شروع ہو گئیں جس میں وسیع پیمانے پر طلبہ اور عام عوام نے شرکت کی۔ استکبار مخالف ریلیاں ایران کے 900 سے زیادہ شہروں اور قصبوں میں منعقد کی گئیں۔ ریلیوں میں شریک افراد نے ملکی امور میں عالمی استکبار کی مداخلت کی شدید مذمت کی۔ ریلیوں کے اختتام پر بیانیہ بھی جاری کیا گیا جس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ایرانی قوم امریکہ، برطانیہ اور غاصب صیہونی رژیم کی انٹیلی جنس ایجنسیز کی سازشوں سے مکمل طور پر آگاہ ہے۔”

اخبار رای الیوم:

لندن سے عربی زبان میں شائع ہونے والے اخبار رای الیوم نے تہران میں منعقدہ مردہ باد استکبار ریلی سے ایرانی صدر حجت الاسلام والمسلمین ابراہیم رئیسی کی تقریر پر خصوصی فوکس کرتے ہوئے لکھا: "ایران کے مختلف شہروں میں یوم مردہ باد عالمی استکبار کی مناسبت سے ریلیاں منعقد کی گئیں۔ مختلف شہروں میں ایرانی عوام سڑکوں پر آئے اور 1979ء میں تہران میں امریکی سفارتخانے پر ایرانی طلبہ کے قبضے کی سالگرہ منائی۔ گذشتہ روز جمعرات کے دن سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی ایران نے یوم مردہ باد عالمی استکبار کی مناسبت سے بیانیہ جاری کیا تھا جس میں اس بات پر زور دیا گیا تھا کہ طاقتور ایران ان ریلیوں میں دشمنوں کی مصنوعی جنگ کی شکست اور ناکامی کو واضح کر دے گا۔”

الجزیرہ نیوز چینل:

قطر کے الجزیرہ نیوز چینل نے "تہران میں امریکی سفارتخانے کی تسخیر کے 43 سال” کے عنوان سے لکھا: "تہران میں امریکی سفارتخانے پر حملہ اور اس کے اہلکاروں کو یرغمال بنائے جانے کی 43 ویں سالگرہ کے موقع پر ایرانی عوام نے وسیع پیمانے پر ریلیاں منعقد کیں۔ انہوں نے عالمی استکبار کے خلاف جدوجہد کے قومی دن کی مناسبت سے ریلیاں نکالیں۔ ایک دن پہلے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے طلاب سے ملاقات کے دوران ملک میں جاری حالیہ ہنگاموں کو "ہائبرڈ جنگ” قرار دیا اور کہا کہ دشمن اپنی پوری طاقت سے میدان میں اترا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تہران بعض واقعات کو ہر گز نہیں بھولے گا اور شہید قاسم سلیمانی کے خون کا بدلہ لینے کیلئے مناسب وقت پر اپنا وعدہ پورا کرے گا۔”

یہ بھی دیکھیں

چین کی بڑھتی دفاعی طاقت نے امریکا کو پریشان کر دیا

واشنگٹن:چین کی بڑھتی ہوئی دفاعی طاقت نے امریکا کو پریشان کر دیا ہے، امریکی محکمہ …