جمعہ , 9 دسمبر 2022

عمران خان ساری دنیا کو چور چور کہتا رہا بعد میں خود چور نکلا، فضل الرحمان

اسلام آباد: پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ عمران خان نے اداکاری میں شاہ رخ خان اور سلمان خان کو بھی پیچھے چھوڑ دیا، اس کی ڈرامہ بازیاں سمجھ نہیں آتیں۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پاکستان کو مشکل کی طرف دھکیلا جا رہا ہے، حادثات کا سہارا لے کرقوم کو اضطراب کا شکار کیا جارہا ہے، ایک واقعے کو لے کر جھوٹ گھڑا جا رہا ہے، ہم لوگ خطے میں تمام ممالک میں معاشی طور پر پیچھے رہ گئے۔

انہوں ںے کہا کہ اندھے لوگوں نے آنکھیں بند کرکے عمران خان کے جھوٹ کو قبول کیا، آج اس نے ایک نیا ڈرامہ رچایا ہے، عمران خان کو گولی لگنے کی پہلی خبر آئی تو ہم نے بھی مذمت کی لیکن وقت کے ساتھ ساتھ چیزیں سامنے آتی گئیں، گولی ایک لگی ہے دو لگی چار لگی یا ٹکڑے لگے، ہم نے بم کے ٹکڑے سنے گولی کے ٹکڑے پہلے بار سنے ہیں۔

سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ ہڈی کا علاج کینسر کے ہسپتال میں؟ حملے کا پرچہ وزیر اعظم اور وزیر داخلہ پر؟ ایسی گفتگو کوئی عام شہری نہیں کرتا جو ملک کا سابق وزیر اعظم کہہ رہا ہے، عمران خان نے ایکٹنگ میں شاہ رخ خان اور سلمان خان کو بھی پیچھے چھوڑ دیا، اس طرح کی ڈرامے بازیاں سمجھ نہیں آتیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پہلی بار پتا لگا کہ پنڈلی میں بھی شہ رگ ہوتی ہے، کیا ڈرامے ہیں، ڈاکٹروں کے اپنے بیانات میں تضاد ہیں، 5 سے 6 دنوں میں لاہور سے گوجرانوالہ پہنچے، جب گولی لگتی ہے تو اتنی تیز دوڑتے ہیں کہ ایک گھنٹے میں لاہور پہنچ گئے۔

فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان ساری دنیا کو چور چور کہتا رہا بعد میں خود چور نکلا، پہلے ان کے جھوٹ اور آفیشل ڈاکومنٹس پر جے آئی ٹی بننی چاہیے۔

پی ٹی آئی کے لانگ مارچ پر انہوں ںے کہا کہ لانگ مارچ ناکام ہوگیا، یہ لوگ کسی صورت اسلام آباد میں داخل نہیں ہوسکتے، حکومت ڈٹ جائے اور کوئی نرمی نہ برتی جائے، یہاں زمین بہت گرم ہے تمہارے تلوے اس گرمی کو برداشت نہیں کرسکیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجھ پر تین خود کش حملے ہوئے پارلیمنٹیرینز کو نشانہ بنایا گیا، ہمارے 16 علماء اکرام شہید ہوئے، ہم مشکل میں ہیں، چاہتے ہیں پاکستان میں امن ہو ہر شہری قانون کے تحت زندگی گزارے۔اعظم سواتی کے ویڈیو لیک معاملے پر انہوں نے کہا کہ اعظم سواتی والے واقعے کی مذمت کرتا ہوں اس پر کچھ نہیں کہوں گا۔

یہ بھی دیکھیں

توشہ خانہ کی گھڑیاں فروخت کرنے سے متعلق بشریٰ بی بی اور زلفی بخاری کی آڈیو لیک

اسلام آباد: توشہ خانہ کی گھڑیاں فروخت کرنے سے متعلق مبینہ طور پر بشریٰ بی …