جمعرات , 8 دسمبر 2022

اسلام آباد میں بلا اجازت احتجاج پر کارروائی ہوگی، اسلام آباد پولیس

اسلام آباد: وفاقی پولیس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ دارالحکومت میں بلااجازت احتجاج کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ذرائع کے مطابق اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعت کے رہنماؤں نے وفاقی دارالحکومت کے آمد و رفت کے راستے بند کرنے کا اعلان کیاہے، جس سے اسلام آباد کے شہریوں ، طلبہ اور مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ پولیس کی جانب سے اس سلسلے میں شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سفر شروع کرنے سے پہلے شاہراہوں کی تازہ ترین صورتحال جاننے کے لیے پکار 15 پر کال کریں۔

وفاقی پولیس نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد میں بلا اجازت احتجاج کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔جن سیاسی کارکنان کی شناخت کی جاچکی ہے اور مقدمات درج ہیں، ان کی گرفتاری کے لیے پولیس کارروائی کررہی ہے۔ وفاقی پولیس نے اعلان کیا کہ اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ سے آنے والے قومی اور بین الاقوامی مہمانوں کےلیے راستے کھلے رکھے جائیں گے۔

پولیس کے مطابق ائرپورٹ کےلیے بلا رکاوٹ آمد و رفت قومی تشخص کےلیے اہمیت کی حامل ہے۔وفاقی قانون نافذ کرنے والے ادارے ائرپورٹ اور موٹر وے تک آمد و رفت کے راستوں کی نگرانی کریں گے۔ تمام سیاسی عناصر سے گزارش ہے کہ انتظامیہ سے اجازت کے ساتھ مختص مقام پر احتجاج کریں جب کہ عوام سے بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کی اپیل کی گئی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ کسی بھی شر پسندانہ سرگرمی اور افراد کی اطلاع پکار 15 پر دیں۔

یہ بھی دیکھیں

امریکا کا ٹی ٹی پی اور داعش خراسان کے گرد گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ

واشنگٹن:امریکا نے کالعدم داعش-خراسان گروپ اور کالعدم جماعت تحریک طالبان پاکستان جیسے عسکریت پسند گروپوں …