منگل , 29 نومبر 2022

ایران کا ہائپر سونک میزائل تیار کرنے کا دعویٰ

تہران:ایرانی پاسداران انقلاب کے ایرواسپیس یونٹ کے کمانڈرنے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے ایک ہائپرسونک میزائل تیار کیا ہے جو تمام دفاعی نظاموں کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق ایران کے پاسداران انقلاب کے ایرواسپیس یونٹ کے کمانڈر جنرل امیرعلی حاجی زادہ نے کہا کہ ہائپر سونک بیلسٹک میزائل فضائی دفاعی نظام کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔

ایرانی کمانڈر نے کہا کہ یہ میزائل دفاعی نظام کو نشانہ بنانے کے قابل ہوگا اور انہیں یقین ہے کہ اسے روکنے لیے کوئی نظام تیار کرنے میں کئی دہائیاں لگیں گی۔

انہوں نے کہا کہ دشمن کے میزائل شکن نظام کو نشانہ بنانے والا یہ نظام میزائلوں کے میدان میں موجودہ دور کی بڑی کامیابی ہے۔ادھرانٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے سربراہ رافیل گروسی نے ایران کے اس اعلان پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

مصر میں موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے ہونے والی تقریب کے دوران غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے عالمی اٹامک انرجی کے سربراہ رافیل گروسی نے کہا کہ ’ہم سمجھتے ہیں کہ اس طرح کے اعلانات ایرانی جوہری پروگرام کے حوالے سے توجہ اور تشویش میں اضافہ کرنا ہے مگر اس سے ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق مذاکرات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا‘۔

خیال رہے کہ ایران کی طرف سے ایسا اعلان اس وقت ہوا ہے کہ اس سے قبل اس نے روس کو ڈرونز فراہم کرنے کا اعتراف کیا تھا مگر ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ وہ ڈرون یوکرین جنگ سے قبل بھیجے گئے تھے۔

امریکی اخبار ’وانشنگٹن پوسٹ‘ نے 16اکتوبر کو رپورٹ کیا تھا کہ ایران روس کو میزائل فراہم کررہا ہے مگر تہران نے اس کو مسترد کرتے ہوئے ’مکمل جھوٹی‘ رپورٹ قرار دیا تھا۔

ہائپر سونک میزائل روایتی میزائلوں کی طرح ہے جو جوہری ہتھیاروں سے مقابلے کی صلاحیت رکھتا ہے اور تیز رفتار سے ہدف تک پہنچ سکتا ہے۔

یہ بھی دیکھیں

آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کا پہلامرحلہ مکمل، پی ٹی آئی نے میدان مار لیا

مظفر آباد: آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کا پہلامرحلہ مکمل ہو گیا جس میں پی …