ہفتہ , 20 اپریل 2024

بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2022 سے خطاب میرے لئے اعزاز کی بات ہے،بلاول بھٹو

کراچی:وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری ( Bilawal Bhutto Zardari ) کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2022 سے خطاب میرے لئے اعزاز کی بات ہے، اس موقع پر ایونٹ میں شریک غیر ملکی مہمانوں کو خوش آمدید کہتا ہوں۔

کراچی کے ایکسپو سینٹر میں منعقد بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز2022 کے افتتاحی سیشن سے خطاب میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تمام غیر ملکی مہمانوں اور دیگر شرکا کو آج کے ایونٹ میں خوش آمدید کہتا ہوں۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان نے امن کیلئے کردار ادا کیا اور کرتا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو معاشی چیلنج سے نکالنے کیلئے ہم مل کر کام کر رہے ہیں، اتحادی حکومت بہت سے چیلنجز سے نبرد آزما ہے۔ پاکستان ڈیفالٹ کے خطرے سے نکال چکا ہے۔ ملک کی معاشی پالیسی میں ہمیشہ استحکام رہنا چاہیے۔

اس موقع پر انہوں نے رواں سال پاکستان میں آنے والے بدترین سیلاب اور ہونے والے نقصانات پر بھی توجہ دلائی اور کہا کہ دنیا میں ہونے والی موسمیاتی تبدیلیوں سے پاکستان متاثر ہوا۔ سیلاب متاثرین کو درپیش مسائل کے حل کیلئے فوری اقدامات کئے گئے، سیلاب متاثرین کو ریلیف، بحالی اور نقصان کے ازالے کیلئے کام ہو رہا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ سیلاب کی وجہ سے لاکھوں لوگ متاثر ہوئے، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے پاکستان کافی متاثر ہوا۔

دیگر ممالک سے تعلقات پر پاکستان کے وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان دنیا سے بہترین تعلقات کا خواہاں ہے، پاکستان کی خارجہ پالیسی کے تحت تمام ممالک سے تعلقات بہتر کر رہے ہیں۔ 6 ماہ میں عرب امارات، مغربی ممالک سمیت دیگر ممالک سے رابطے بحال کئے۔ پاکستان چاہتا ہے کہ کشمیر کا مسئلہ بین الاقوامی قراردادوں کے مطابق حل ہو۔

یہ بھی دیکھیں

سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کردی

کراچی: سعودی عرب نے پاکستان کی معیشت کو استحکام دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ …