جمعرات , 8 دسمبر 2022

امریکی سفیر کی سرگرمیاں عراق کی سلامتی کیلئے خطرہ ہیں، عراقی اتحاد

بغداد:عراق کے سیاسی اتحاد "دولۃ القانون” کے رہنماء نے خبردار کیا ہے کہ عراقی معاشرے میں امریکی سفیر کی مشکوک حرکات ملک کی سلامتی کے لئے خطرہ ہیں۔ عراق کے سابق وزیراعظم نوری المالکی کی سربراہی میں "دولۃ القانون” سیاسی اتحاد کے رکن "عباس المالکی” نے بغداد میں امریکی سفیر کے سرگرمیاں اور ملاقاتوں کے بارے میں خبردار کیا ہے۔ عباس المالکی نے ایک نیوز ایجنسی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ امریکی سفیر عراق میں اس طرح کام کر رہی ہے، جیسے کوئی بہت بڑی عہدیدار ہو، جو چاہے کرسکتی ہو اور خود سے سیاسی و غیر سیاسی افراد سے ملاقات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی سفیر خود کو عراق کے تمام اعلیٰ حکام سے اوپر گردانتی ہے۔

عباس المالکی نے صراحت کے ساتھ کہا کہ ہمارے وزیراعظم کے احکامات اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں، جس میں کہا گیا ہے کہ دوسرے ممالک کے سفیروں کو چاہیئے کہ بین الاقوامی قوانین کے مطابق اپنے امور انجام دیں اور عراقی حکومت و وزارت خارجہ کے ذریعے سے اپنی سفارتی ملاقاتیں کریں۔ مذکورہ عراقی سیاست دان نے کہا کہ امریکی سفیر اُن بین الاقوامی سیاسی اصولوں کی رعایت کرے، جو میزبان ملک کی خود مختاری کے لئے بنائے گئے ہیں اور عراق کے قواعد و ضوابط پر عمل کرے۔ عباس المالکی نے خبر دی ہے کہ امریکی سفیر اور بعض دیگر سفیروں نے عراق کی مختلف شخصیات، سیاست دانوں اور اداروں کے سربراہان سے ملاقات کرکے عراقی خود مختاری کو چیلنج کیا ہے۔

دولۃ القانون اتحاد کے رکن نے زور دیتے ہوئے کہا کہ امریکی سفیر کے ان اقدامات کے بعد عراقی سلامتی کو نقصان پہنچنے کے عوامل پیدا ہو رہے ہیں۔ عراقی معاشرے میں تفرقہ پیدا ہو رہا ہے، جو بغداد میں موجود سفارت خانوں کی مشکوک سرگرمیوں پر سوالیہ نشان ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ واقعات ایسے وقت میں رونماء ہو رہے ہیں، جب عراق کے وزیراعظم محمد شیاع السودانی نے حکم دیا ہے کہ بیرونی وفود اور سفیروں کی عراقی شخصیات سے ملاقاتیں صرف اور صرف وزارت خارجہ اور حکومت سے ہم آہنگی کے بعد ہوا کریں گی۔ اسی سلسلے میں عراقی اسپیکر "محمد الحلبوسی” نے گذشتہ ماہ عراق کی مدد کے حوالے سے امریکی موقف کے بارے میں بتایا کہ عراق میں استحکام امریکہ کی ترجیحات میں سے نہیں ہے۔ امریکہ صرف میڈیا کے بیانات کی حد تک عراق میں استحکام چاہتا ہے۔

یہ بھی دیکھیں

دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹ کی فہرست جاری،پاکستان کا نمبر کونسا؟

اسلام آباد:دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹ کی فہرست میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) …