اتوار , 4 دسمبر 2022

لانگ مارچ سیاسی مسئلہ ہے جس کا سیاسی حل ہو سکتا ہے، چیف جسٹس

اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان، جسٹس عمر عطا بندیال نے لانگ مارچ کے خلاف درخواست کی سماعت میں ریمارکس دیے ہیں کہ لانگ مارچ سیاسی مسئلہ ہے جس کا سیاسی حل ہو سکتا ہے۔

سینیٹر کامران مرتضیٰ کی جانب سے عمران خان کا لانگ مارچ روکنے سے متعلق درخواست پر سماعت کے دوران عدالت نے استفسار کیا کہ کیا عمران خان کے لانگ مارچ کے لیے جگہ کا تعین کیا گیا ہے؟ انتظامیہ سے پوچھ کر عدالت کو آگاہ کیا جائے۔ سپریم کورٹ نے ایڈشنل اٹارنی جنرل کو آدھے گھنٹے میں انتظامیہ سے پوچھ کر بتانے کا حکم دے دیا۔

درخواست گزار کامران مرتضیٰ نے عدالت کو بتایا کہ 2 ہفتے سے عمران خان کا لانگ مارچ شروع ہے۔فواد چودھری کے مطابق جمعہ، ہفتے کو لانگ مارچ اسلام آباد پہنچے گا۔لانگ مارچ سے معمولات زندگی متاثر ہو سکتے ہیں۔ لانگ مارچ پی ٹی آئی کا حق ہے لیکن عام آدمی کے حقوق متاثر نہیں ہونے چاہییں۔

جسٹس عائشہ ملک نے استفسار کیا کہ کیا حکومت نے احتجاج کو ریگولیٹ کرنے کا کوئی طریقہ کار بنایا ہے؟ ۔ جسٹس اطہر من اللہ نے سماعت کے دوران پوچھا کہ کیا آپ یہ سمجھتے ہیں کہ انتظامیہ اتنی کمزور ہو گئی ہے کہ لانگ مارچ کنٹرول نہیں کر سکتی؟۔یہ ایگزیکٹو کا معاملہ ہے، ان ہی سے رجوع کریں۔ غیر معمولی حالات ہی میں عدلیہ مداخلت کر سکتی ہے۔ جب انتظامیہ کے پاس ایسی صورتحال کنٹرول کرنے کے وسیع اختیارات ہیں تو عدالت مداخلت کیوں کرے؟۔

کامران مرتضیٰ نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ بات اب بہت آگے جا چکی ہے۔ پی ٹی آئی کے لانگ مارچ پر فائرنگ سے ایک شخص کی جان گئی۔ جسٹس عائشہ ملک نے کہا کہ پی ٹی آئی کا لانگ مارچ تو کافی دنوں سے چل رہا ہے۔ کیا آپ نے انتظامیہ سے رجوع کیا ہے؟ ۔ لانگ مارچ کے معاملے میں جلدی کیا ہے اور انتظامیہ کی غفلت کیا ہے؟

چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ آپ نے درخواست میں ماضی کی خلاف ورزیوں کا ذکر کیا ہے۔ لانگ مارچ سیاسی مسئلہ ہے جس کا سیاسی حل ہو سکتا ہے۔ اس قسم کے مسائل میں مداخلت سے عدالت کے لیے عجیب صورتحال پیدا ہو جاتی ہے۔آپ نے اپنی درخواست میں ایک آڈیو کا ذکر کیا ہے۔ اس آڈیو میں ہتھیار لانے کا ذکر ہے۔ آڈیو سچ ہے یا غلط لیکن اس سے امن و امان کی صورتحال خراب ہو سکتی ہے۔

یہ بھی دیکھیں

جنرل (ر) باجوہ نے جنرل (ر) فیض کو ہٹانے کے بعد میرے ساتھ ڈبل گیم کھیلی،عمران خان

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جنرل (ر) …