ہفتہ , 20 اپریل 2024

ترکیہ کی ثالثی میں اناج برآمدگی معاہدے میں 4 ماہ کی توسیع

انقرہ: ترکیہ کی ثالثی میں یوکرین سے اناج برآمدگی معاہدے میں مزید 4 ماہ کی توسیع کر دی گئی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرین دنیا میں اناج برآمد کرنے والا بڑا ملک ہے مگر فروری میں روسی حملوں کے بعد سے یوکرین سے اناج برآمدات رک گئی تھیں جس سے خوراک کے عالمی بحران کے خدشات بڑھ رہے تھے۔اسی صورتِ حال کو مدِ نظر رکھتے ہوئے معاہدے میں مزید 4 ماہ کی توسیع کی گئی ہے۔

ترکیہ صدر رجب طیب اردوان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ یوکرین کی 3 بندرگاہوں سے اناج کی برآمدات مزید 4 ماہ جاری رہے گی، معاہدے میں توسیع عالمی خوراک کی فراہمی اور سلامتی کے لیے اہم ہے۔

رجب طیب اردوان نے یہ بھی بتایا کہ روس سے افریقی ممالک کو مفت اناج بھیجنے پر بات کی ہے، افریقی ممالک کو مفت اناج بھیجنے میں ترکیہ بھی کردار ادا کرے گا۔

یاد رہے کہ جولائی میں بحیرۂ اسود میں غلے کی ترسیل کے لیے یوکرین اور روس کے درمیان معاہدہ ہوا جس کی ثالثی ترکی اور اقوام متحدہ نے کی تھی۔

اس معاہدے کا مقصد بحیرۂ اسود کے ذریعے بحری جہازوں کو محفوظ انداز میں گزرنے کی ضمانت دے کر گندم اور دیگر اناج کی برآمدات کو دوبارہ شروع کرنا تھا۔روس نے پہلے اس معاہدہ سے لاتعلق کا اظہار کیا تھا اور چند ہی دنوں بعد معاہدے میں آگیا۔

روسی وزارت دفاع نے رواں ماہ اس حوالے سے بتایا کہ کیف نے فوجی کارروائی کے لیے بحیرہ اسود میں اناج راہداری کو استعمال نہ کرنے کی تحریری یقین دہانی کرائی ہے۔

روس نے یوکرین پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ کریمیا میں اس کے بیڑے پر حملہ کرنے کے لیے اناج کے بحری جہازوں کے لیے سیفٹی کوریڈور (حفاظتی راہداری) استعمال کر رہا ہے۔

 

یہ بھی دیکھیں

روس کے الیکشن میں مداخلت نہ کی جائے: پیوٹن نے امریکا کو خبردار کر دیا

ماسکو: روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ …