جمعہ , 19 اپریل 2024

پنجاب کابینہ نے شوگر ملوں کو 25نومبر سے کرشنگ شروع کرنے کا پابند کردیا

لاہور:پنجاب کابینہ نے صوبے میں شوگر ملوں کو 25نومبر سے کرشنگ شروع کرنے کا پابند کردیا جبکہ گنے کی سپورٹ پرائس 300 روپے کرنے کی منظوری دے دی۔وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا چوتھا اجلاس ہوا، صوبائی وزراء، مشیران، معاونین خصوصی، چیف سیکرٹری اور متعلقہ حکام کی اجلاس میں شرکت کی۔ صوبائی کابینہ کا فلڈریلیف پروگرام کی کامیابی پر ڈاکٹر ثانیہ نشتر کو خراج تحسین پیش کیا گیا، نہو ں نے دوماہ میں سالوں کا کام کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر ثانیہ نشتر،ایس ایم بی آر زاہد زمان اختر، ڈی جی پی ڈی ایم اے فیصل فرید اورساری ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے اورخراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ 55ہزار سے زائد سیلاب متاثرین میں 12ارب روپے کی تقسیم کا پروگرام اپنی مثال آپ ہے۔ سندھ کے لئے ایک ارب رکھا ہے،لیکن وہاں کوئی کام نہیں ہوا۔ سندھ میں بیماریاں پھیل رہی ہیں اوروہ لوگ سیاست کے سوا کچھ نہیں کررہے اور وہاں سروے تک نہیں ہوا۔ ہم نے ایک ارب سندھ کے لئے فلڈ ریلیف کا رکھا ہے وہاں ابھی تک سروے تک نہیں ہوا۔

صوبائی کابینہ نے پنجاب میں شوگر ملوں کو 25نومبر سے کرشنگ شروع کرنے کا پابند کردیا جبکہ گنے کی سپورٹ پرائس 300 روپے کرنے کی منظوری دے دی۔

اجلاس کے دوران احساس راشن رعایت پروگرام میں بینک آف پنجاب کو بھی شامل کرنے کی منظوری دی گئی، صوبائی کابینہ نے ڈی جی ریسکیو1122ڈاکٹر رضوان نصیر کو گریڈ 21دینے کی منظوری دے دی۔

چودھری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ سیلاب کے دوران ریسکیو 1122 نے بلاامتیاز لوگوں کی مدد کی۔ پنجاب کے ریسکیو 1122 جیسے مثالی ادارے کی تمام صوبے تقلید کررہے ہیں۔

صوبائی کابینہ نے الیکٹرک گاڑیوں کی رجسٹریشن کے ضابطہ کار کی منظوری دیدی جبکہ صوبے میں الیکٹرک رکشے چلانے کااصولی فیصلہ کر لیا گیا۔چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ الیکٹرک گاڑیوں کو ٹیکسز کی مد میں 50فیصد تک رعایت دیں گے۔

اجلاس کے دوران پولیس کی تین ہزار خالی آسامیوں پر بھرتی کی بھی منظوری دیدی گئی اور پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے چیف آپریٹنگ آفیسر کامران خان کے کنٹریکٹ میں دو سال کی توسیع کی گئی۔

اجلاس کے دوران ہواوے سے پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے معاہدے کی اصولی منظوری دی گئی، کابینہ نے ایل ڈی اے ٹریبونل کے صدر کی تعیناتی کی منظوری دے دی، سرگودھا اوربہاولپورکومتعلقہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا سٹی ایریا قرار دینے کی بھی منظوری مل گئی۔کابینہ اجلاس میں روڈا کے سابق چیئرمین کو3ماہ کے نوٹس پیریڈ کی تنخواہ کی ادائیگی کی منظوری دی گئی۔

 

یہ بھی دیکھیں

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی، انڈیکس 59 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کرگیا

کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمعہ کے روز کاروبار کا آغاز تیزی کے رجحان سے …