ہفتہ , 20 اپریل 2024

مسافروں کے سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر پائلٹ نے جہاز لینڈ کرانے سے انکار کر دیا

جکارتہ(مانیٹرنگ ڈیسک) انڈونیشیاءمیں اپنی نوعیت کا ایک منفرد اور حیران کن واقعہ پیش آیا ہے جہاں کچھ مسافروں کے سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر پائلٹ نے جہاز لینڈ کرانے سے ہی انکار کر دیا۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق یہ سکوٹ ایئرلائن کی پرواز ٹی آر 285تھی جو انڈونیشیاءکے صوبے بالی سے سنگاپور پہنچی تھی۔

پرواز جب سنگاپور کے شینگی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے قریب پہنچی اور عملے نے مسافروں سے سیٹ بیلٹ باندھنے کو کہا تو چند مسافروں سے بیلٹ باندھنے سے انکار کر دیا۔ جب مسافر بیلٹ نہ باندھنے پر بضد رہے تو پائلٹ نے اعلان کر دیا کہ وہ جہاز کو لینڈ نہیں کرائے گا۔

ایک بار پائلٹ لینڈنگ کے لیے اپروچ بنا چکا تھا جب اس نے لینڈنگ کا ارادہ منسوخ کیا اور جہاز کو واپس فضاءمیں اٹھا لیا۔پائلٹ کی طرف سے اعلان کیا گیا کہ دوسری اپروچ تک اگر تمام مسافروں نے بیلٹ نہ باندھے تو واقعہ سینگی ایئرپورٹ پولیس کو رپورٹ کیا جائے گا۔

پائلٹ کی یہ دھمکی کام کر گئی اور مسافروں نے بیلٹ باندھ لیے، تاہم اس کے باوجود طیارے کے لینڈ کرنے سے پہلے عملے نے پولیس کو مطلع کر دیا۔ چنانچہ پولیس آفیسرز طیارے میں آئے اور بیلٹ باندھنے سے انکار کرنے والے مسافروں کو اپنے ساتھ لے گئے۔

 

یہ بھی دیکھیں

10 جملوں میں لکھے حروف کو کم وقت میں گننے کا ریکارڈ

اربد: ایک اردنی شخص نے اپنی ریاضی کی بھرپور صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے …