ہفتہ , 20 اپریل 2024

ارشد شریف قتل میں ملوث لوگ منصوبہ ساز اور طاقتور ہیں: فیصل واوڈا

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ سینئر صحافی ارشد شریف کے قتل کا منصوبہ پاکستان سے بنا، قتل میں ملوث لوگ کافی سمجھدار،منصوبہ ساز اور طاقتور ہیں۔

ارشد شریف کے قتل کیس کیلئے بنائی گئی کمیٹی میں حاضر ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما کا کہنا تھا کہ مجھے 10 سوالوں پر مشتمل سوالنامہ دیا گیا تھا سب سوالوں کے جواب دے دیئے ہیں، میں نے جب تک پریس کانفرنس نہیں کی پاکستان سو رہا تھا، ارشد شریف قتل کے شواہد ابھی پیش نہیں کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ ارشد شریف قتل کا منصوبہ پاکستان سے بنا، اسے کلوز رینج سے گولی ماری گئی، گولی مارنے والے کو پکڑنے کے بجائے گولی چلوانے والے کو پکڑنا چاہیے، مجرمان کو پکڑنا چاہیے جو پاکستان سے باآسانی نکل جاتے ہیں، میں ارشد شریف کی والدہ کے غم میں برابر کا شریک ہوں، دعا ہے بڑے لوگوں تک ہاتھ پہنچے جو اس قتل میں ملوث ہیں۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے فیصل واوڈا کا کہنا تھاکہ پہلے ہی کہا تھا کہ ارشد شریف کا موبائل فون اور لیپ ٹاپ نہیں ملے گا، قتل تکلیف دہ معاملہ ہے، مذاق نہیں ہونا چاہیے، قتل پر گھٹیا مذاق سے پرہیز کرنا چاہیے، دعا ہے بڑے لوگوں تک ہاتھ پہنچے جو اس میں ملوث ہیں، کمیٹی سے میں نے چیزیں شیئر کی ہیں، قتل سے متعلق سیاست نہ کریں تو زیادہ بہتر ہے، ہم گولی چلوانے والے کے گریبان تک جلد پہنچیں گے ، نہ میں نے عمران خان سے رابطہ کیا ہے اور نہ ہی عمران خان نے رابطہ کیا ہے۔ عمران خان کو بند گلی میں ان لوگوں نے دھکیلا ہے جو ارشد شریف کے قتل میں ملوث ہیں، وہ بہت سمجھدار، منصوبہ ساز اور طاقت ور ہیں، ایسی کوئی بات نہٰں کروں گا جس سے وہ حرکت میں آجائیں۔

یہ بھی دیکھیں

اسرائیل دنیا کی ہمدردیاں کھو چکا ہے: امریکی عہدیدار

واشنگٹن:امریکی سینیٹ کی انٹیلی جنس کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر مارک وارنر نے کہا کہ یہ …