جمعہ , 9 دسمبر 2022

آئین میں آرمی چیف کی تعیناتی کا طریقہ کار

اسلام آباد:
رواں ماہ کی 29 تاریخ کو پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ اپنے عہدے سے ریٹائر ہو رہے ہیں، اور وزیراعظم شہبازشریف نے نئے آرمی چیف کے لئے لیفٹینٹ جنرل عاصم منیر کو نامزد کیا ہے۔

آئین میں آرمی چیف کی تعیناتی کا طریقہ کار

پاکستان میں اہم ترین سمجھے جانے والے عہدے کے حوالے سے آئین کے آرٹیکل 243 میں بہت مختصر بلکہ چند سطروں پر مشتمل طریقہ کار درج ہے۔

آئین کے آرٹیکل 243 کی شق 3 کے مطابق ملک کے وزیراعظم کی ایڈوائس پر صدر مملکت تینوں مسلح افواج کے سربراہان اور چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی کی تعیناتی کريں گے۔

آئین میں درج طریقہ کار کے مطابق وزیراعظم آفس خط لکھ کر وزارت دفاع سے سمری منگواتا ہے، اور وزارت دفاع آرمی چیف سے سينئر ترين جرنيلوں کی فہرست مانگتی ہے، اور سبکدوش ہونے والے آرمی چیف وزیراعظم کو سینیئر ترین جرنیلوں کی ایک فہرست دیتے ہیں۔

حکومتی رولز آف بزنس کے مطابق کسی بھی سرکاری تعیناتی کے لیے اگر ایک عہدہ خالی ہو تو تین نام بھیجے جاتے ہیں اور اگر دو تعیناتیاں کرنی ہوں تو پانچ نام بھیجے جاتے ہیں۔

اس وقت پاکستان میں آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کے دو عہدے خالی ہونے ہیں جن کی تعیناتی ہورہی ہے۔

وزیراعظم کو ملنے والی فہرست میں سے آرمی چیف کے امیدوار کا انتخاب ہوتا ہے، اور صدر پاکستان کو وہ نام منظوری کے لیے بھیجا جاتا ہے، صدر کی منظوری کے بعد آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کے تقرر کا نوٹی فیکیشن جاری کر دیا جاتا ہے۔

افسران کی سنیارٹی اور اہلیت

عسکری ماہرین کے مطابق وزیراعظم کو بھیجے گئے ناموں کی فہرست کے ساتھ ہر افسر کی سروس فائل بھی ہوتی ہے جس میں اس کی ماضی کی خدمات کا ذکر ہوتا ہے۔

افسر کی سینیارٹی کا تعین اس کے کمیشن حاصل کرنے کی تاریخ سے کیا جاتا ہے اور ساری زندگی کے لیے وہی تاریخ اس کی سینیارٹی متعین کر دیتی ہے۔

آرمی چیف کو 5 اہل افراد کی لسٹ سینیارٹی کی ترتیب سے بھیجنا ہوتی ہے تاہم روایتی طور پر آرمی چیف کے عہدے کے لیے تعینات ہونے والے لیفٹیننٹ جنرل کے لیے ضروری ہوتا ہے کہ وہ فائٹنگ کور سے ہو اور اس نے ایک سال تک کسی کور کی کمان بھی کی ہو، متعلقہ افسر اس وقت آرمی کا یونیفارمڈ آفیسر ہو اور اس نے مدت ملازمت میں توسیع نہ لے رکھی ہو۔

یہ بھی دیکھیں

توشہ خانہ کی گھڑیاں فروخت کرنے سے متعلق بشریٰ بی بی اور زلفی بخاری کی آڈیو لیک

اسلام آباد: توشہ خانہ کی گھڑیاں فروخت کرنے سے متعلق مبینہ طور پر بشریٰ بی …