جمعرات , 25 اپریل 2024

کوئٹہ؛ پولیس ٹرک پر خودکش حملہ، 2 افراد جاں بحق، اہلکاروں سمیت 24 زخمی

کوئٹہ: بلیلی کسٹم کے علاقے میں کچلاک بائی پاس پر بلوچستان کانسٹیبلری کے ٹرک کے قریب خودکش دھماکے میں بچے سمیت 2 افراد جاں بحق جب کہ 20 پولیس اہل کاروں سمیت 24 افراد زخمی ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق دھماکا کچلاک بائی پاس پر پولیس کے ٹرک قریب ہوا، جس میں متعدد اہل کار زخمی ہو گئے۔ واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ناکا بندی کردی ہے۔ اطلاعات کے مطابق دھماکا خودکش تھا اور اس میں بلوچستان کانسٹیبلری کے ٹرک کو نشانہ بنایا گیا۔ ٹرک میں سوار پولیس اہل کار پولیو مہم کے لیے ڈیوٹی پر جا رہے تھے۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ اور ایمبولینس جائے وقوع کی جانب روانہ کردی گئیں جب کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کرلیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کے باعث قریب سے گزرنے والی گاڑی بھی زد میں آگئی اور اس میں سوار ایک خاتون بھی زخمی ہوئی۔

ابتدائی طور پر بتایا گیا تھا کہ دھماکے میں 10 پولیس اہلکاروں سمیت 15افراد زخمی ہوئے تاہم بعد میں ملنے والی اطلاعات کے مطابق 20 پولیس اہل کاروں سمیت 24 افراد زخمی ہیں جب کہ ایک بچے اور پولیس اہل کار کے جاں بحق ہونے کی اطلاع بھی ہے۔ لاشوں اور زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔

دریں اثنا ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ اظفر مہیسر واقعے کے بعد جائے وقوع پہنچے، جہاں انہوں نے بتایا کہ دھماکے میں تقریباً 20 پولیس اہلکار اور 4 شہری زخمی ہوئے ہیں۔ دھماکہ خودکش تھا جس میں20سے 25 کلو گرام بارودی مواد استعمال ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکار پولیو مہم کے دوران سکیورٹی کے لیے جا رہے تھے۔

ڈی آئی جی پولیس کے مطابق واقعے کے بعد شہر میں سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ دھماکے 2 افراد جاں بحق ہوئے جن میں ایک پولیس اہلکار اور راہگیر شامل ہے۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ نے بلو چستان کانسٹیبلری کے ٹرک کے قریب دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے اسے دہشت گردی کی ایک بزدلانہ کارروائی قرار دیا اور قیمتی جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے زخمیوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

یہ بھی دیکھیں

رحیم یار خان : دو قبیلوں میں تصادم کے دوران آٹھ افراد جاں بحق

رحیم یار خان:رحیم یار خان کے نزدیک کچھ ماچھک میں دو قبیلوں میں تصادم کے …