ہفتہ , 20 اپریل 2024

ایران میں ایٹمی بجلی گھر کی تیز رفتار تعمیر و ترقی کے عمل کا آغاز

تہران:اسلامی جمہوریہ ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے سربراہ محمد اسلامی نے جنوب مغربی ایران کے صوبے خوزستان کے علاقے دارخوین میں کارون بجلی گھر کی تعمیر کے آغاز کے موقع پر جوہری ٹیکنالوجی سے بجلی کی پیداوار کی اہمیت کی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سستے جوہری ایندھن اور جوہری توانائی کی پیداوار کی طرف تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے اور اسی مقصد کے تحت ایٹمی بجلی گھر کی توسیع کے عمل کو ایٹمی توانائی کے قومی ادارے کے ایجنڈے میں شامل کیا گیا ہے۔

انھوں نے ایٹمی بجلی گھر کی تیز رفتار تعمیر و ترقی کے عمل کے آغاز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کارون ایٹمی بجلی گھر کی تعمیر کا کام اسی مقصد کے حصول کے لئے شروع کیا گیا ہے۔

ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے سربراہ نے کہا کہ ملک میں بجلی کی پیداوار میں جوہری بجلی کا حصہ بیس فیصد تک پہنچائے جانے کی اشد ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ جوہری بجلی گھر کی تعمیر ایران کی ایٹمی توانائی کے ادارے کے بیس سالہ درخشاں منصوبے کے لئے ایک اہم اقدام شمار ہوتا ہے۔

محمد اسلامی نے بجلی اور ایٹمی توانائی سمیت مختلف شعبوں میں ملکی سطح پر قومی ترقی اور اس سلسلے میں عمل میں لائے جانے والے اقدامات کو ایسے اہم اور بامقصد اقدامات کا حصہ قرار دیا جو ایٹمی توانائی کے ادارے کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں جن میں جوہری ٹیکنالوجی کے استعمال سے زرعی پیداوار بھی شامل ہے۔

جوہری ٹیکنالوجی ایسی اہم اور ضروری ٹیکنالوجی ہے کہ جسے مختلف شعبوں میں ترقی و پیشرفت کا عمل جاری رکھنے میں بروئے کار لایا جاتا ہے اور خاصطور سے صنعتی ترقی میں اس ٹیکنالوجی کا استعمال خاص اہمیت رکھتا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران نے مقامی دانشوروں اور ماہرین کی توانائیوں کو بروئے کار لاتے ہوئے جوہری توانائی کے پرامن استعمال پر خصوصی توجہ مرکوز کر رکھی ہے اور اسلامی جمہوریہ ایران نے اپنی نیک نیتی سے اس بات کو ثابت کیا ہے کہ جوہری توانائی کے استعمال سے اس کا مقصد صرف پرامن اقدامات اور صنعتی ترقی ہے۔

واضح رہے کہ ایران کے صوبے خوزستان کے شہر دارخوین میں تین سو میگاواٹ بجلی کی پیداوار کا کارون بجلی گھر تعمیر کئے جانے کی کاروائی کا ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے سربراہ محمد اسلامی کی موجودگی میں آغاز ہوا ہے۔ تقریبا پچاس ایکڑ کے رقبے میں پی ڈبلیو آر پریشر سے ہلکے پانی کی قسم کا تین سو میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کی توانائی کا حامل کارون نامی یہ جوہری بجلی گھر دریائے کارون کے قریب تعمیر کیا جا رہا ہے۔

 

یہ بھی دیکھیں

صہیونی وحشیانہ حملوں نے مغربی تہذیب و تمدن کے چہرے سے نقاب اتار دیا،آیت اللہ سید علی خامنہ ای

تہران:بسیجیوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے رہبر معظم انقلاب اسلامی نے کہا کہ طوفان …