جمعرات , 25 اپریل 2024

دسمبرکیلیے ٹیکس وصولیوں کا ہدف 965.28 ارب روپے مقرر

اسلام آباد: ایف بی آر نے رواں ماہ دسمبرکیلیے ٹیکس وصولیوں کا ہدف 965.28 ارب روپے مقرر کر دیا ہے جسے حاصل کرنے کیلیے ایف بی آرکو مجموعی طور پر60.7 فیصد گروتھ درکار ہوگی.

رواں سہ ماہی (اکتوبر تا دسمبر) کیلیے ٹیکس وصولیوں کا ہدف2036.1 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے جسے حاصل کرنے کیلئے33.7 فیصد گروتھ درکار ہوگی،اس سے قبل ایف بی آر کی جانب سے گزشتہ ماہ نومبر اور رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ (جولائی تا نومبر) میں ٹیکس وصولیاں مقررہ اہداف سے زائد رہی ہیں.

اکتوبر میں ایف بی آر کو21 ارب روپے کے لگ بھگ ریونیو شارٹ فال کا سامنا کرنا پڑا تھا اور 534.08 ارب روپے کے ہدف کے مقابلے میں513ارب روپے اکٹھے کئے جا سکے۔
’’ایکسپریس‘‘ کو دستیاب دستاویز کے مطابق دسمبر کیلئے انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی پر مشتمل ان لینڈ ریونیو ٹیکسوں کی مد میں مجموعی طور پر859.88ارب روپے وصولی کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

اس میں ڈائریکٹ ٹیکس (انکم ٹیکس)کی مدمیں وصولیوں کاہدف546.12 ارب، سیلز ٹیکس کی مد میں 272.561 ارب اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں وصولیوں کا ہدف41.20ارب روپے مقرر کیا گیا ہے۔ کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں وصولیوں کا ہدف102.40ارب روپے مقرر کیا گیا ہے۔

ایف بی آر نے رواں سہ ماہی (اکتوبر تادسمبر) کیلئے ٹیکس وصولیوں کا ہدف2036.1ارب روپے مقررکیا ہے جسے حاصل کرنے کیلئے انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی پر مشتمل ان لینڈ ریونیو ٹیکسوں کی مدمیں مجموعی طور پر1744.69 ارب روپے اکٹھے کرنے ہونگے۔

ڈائریکٹ ٹیکس (انکم ٹیکس) کی مد میں وصولیوں کاہدف910.611ارب، سیلز ٹیکس کی مد میں 728.48ارب، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 105.60ارب اور کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں وصولیوں کا ہدف291.40ارب روپے مقرر کیا گیا ہے۔

ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ تمام فیلڈ فارمیشنز کو ہدایت کی گئی ہے کہ نہ صرف دسمبر بلکہ رواں سہ ماہی کیلئے ٹیکس وصولیوں کے اہداف کے حصول کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

رواں مالی سال کے پانچ ماہ (جولائی تا نومبر) کیلئے ٹیکس وصولیاں 2688رہیں جو 2680 ارب کے ہدف سے آٹھ ارب روپے زیادہ ہیں۔ یہ وصولیاں گزشتہ سال کے انہی پانچ ماہ کی ٹیکس وصولیوں کے مقابلے میں 15.3فیصد زیادہ تھیں۔ گزشتہ ماہ نومبرکیلئے ہدف سے ایک ارب بیس کروڑ روپے کی زائد ٹیکس وصولیاں کی گئی ہیں۔

یہ بھی دیکھیں

لکڑی سے بنا دنیا کا پہلا سیٹلائیٹ آئندہ برس لانچ کیا جائے گا

کیوٹو: امریکی خلائی ادارہ ناسا اور جاپان ایرو اسپیس ایکسپلوریشن ایجنسی (جے ای ایکس اے) …