جمعہ , 3 فروری 2023

لاہور میں خواجہ سراؤں کے پہلے اسکول کا افتتاح

لاہور:صوبائی دارالحکومت لاہور میں پنجاب اسکول ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کے تحت پہلا ٹرانسجینڈر اسکول کا افتتاح کردیا گیا جہاں خواجہ سراؤں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ فنی مہارت کی تربیت بھی دی جائے گی۔ رپورٹ کے مطابق اس اسکول کے آغاز کے بعد پنجاب میں ٹرانس جینڈرز کے لیے بنائے گئے اسکولوں کی تعداد 4 ہو گئی ہے۔

وزیر برائے پنجاب سکول ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ مراد راس نے لاہور کے علاقے برکت بازار کے قریب نیو گارڈن ٹاؤن میں واقع ٹرانسجینڈر اسکول کا افتتاح کیا، اس موقع پر سول سوسائٹی کے کارکن، ماہرینِ تعلیم، ٹرانسجینڈر اور دیگر افراد موجود تھے۔

گزشتہ سال کے دوران محکمہ کی جانب سے ملتان، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان میں 3 ٹرانسجینڈر ٓاسکول کھولے گئے ہیں۔یہ ادارے پرائمری سے لے کر ہائیر سیکنڈری تک مفت تعلیم کے ساتھ ساتھ سلائی کڑھائی، کھانا پکانے اور میک اپ سمیت کئی مہارت کی تربیت فراہم کر رہے ہیں۔

لاہور میں بنایا گیا اسکول دو شفٹوں میں کام کرے گا، پہلی شفٹ میں طلباء کو تعلیم دی جائے گی جبکہ دوسری شفٹ میں انہیں فنی مہارت کی تربیت دی جائے گی، طلبا کو مفت کتابیں، یونیفارم، اسکول بیگ اور پک اینڈ ڈراپ کی سروس حکومت برداشت کرےگی۔

اسکول میں تقریباً 36 ٹرانسجینڈر افراد نے داخلہ لیا ہے، یہ اسکول گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول برکت مارکٹ، نیو گارڈن ٹاؤن میں واقع ہے۔

لڑکیوں کے اسکول کا ایک حصہ ٹرانس جینڈر اسکول کے لیے مخصوص کیا گیا تھا جہاں ٹرانسجینڈر کے لیے تین کلاس رومز پر مشتمل دو منزلہ عمارت تعمیر کی گئی۔

اس اسکول کے حوالے سے وزیر برائے پنجاب اسکول ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ مراد راس کا کہنا تھا کہ ٹرانسجینڈر اسکول کی تعمیر کے لیے کئی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا تاہم صوبے کے دیگر شہروں میں تین اسکول پہلے ہی موجود ہیں۔

مراد راس نے کہا کہ اسکول کے اساتذہ کا تعلق بھی ٹرانسجینڈر کمیونٹی سے ہوگا جبکہ ان کے مسائل سمجھنے کے لیے دو کنسلٹنٹ بھی تعینات کیے گئے ہیں

ٹرانسجینڈر نیلی رانا نے کہا کہ پنجاب حکومت نے خواجہ سراؤں کو تعلیم دینے کے لیے اچھا اقدام اٹھایا ہے۔

ٹرانسجینڈر علیشا شیرازی نے کہا کہ معاشرے میں ان کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا جاتا لیکن انہیں تعلیم کی فراہمی ایک تاریخی قدم ہے۔

علیشا شیرازی نے بتایا کہ انہوں نے ایم فِل مکمل کرلیا ہے اور اب بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں پی ایچ ڈی کے لیے داخلہ لیا ہے۔

ایک اور ٹرانسجینڈر رہنما ’نایا‘ نے کہا کہ فنی مہارت اور تعلیم خواجہ سراؤں کو عزت دار شہری بنا سکتی ہے اس طرح وہ ملک کی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔

’ایچ ایس وائی‘ کے نام سے مشہور فیشن ڈیزائنر حسن شہریار یاسین نے کہا کہ ٹرانسجینڈر کمیونٹی کی تعلیم کے لیے ایک اچھا اقدام اٹھایا گیا ہے۔

یہ بھی دیکھیں

بتایا جائے لاپتا افراد زندہ ہیں مرگئے یا ہوا میں تحلیل ہوگئے؟ عدالت وزارت دفاع پر برہم

اسلام آباد: وزارت دفاع نے کہا ہے کہ لاپتا افراد آئی ایس آئی اور ایم …