جمعرات , 25 اپریل 2024

بڑھتی دہشتگردی، وفاقی دارالحکومت کا خصوصی سیکیورٹی پلان جاری

اسلام آباد:ملک میں بڑھتی دہشتگردی اور اسلام آباد میں خودکش دھماکے کے بعد وفاقی دارالحکومت کا نیا سیکیورٹی پلان جاری کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق ملک میں بڑھتی دہشتگردی اور اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں رواں ماہ تواتر سے ہونے والے دہشتگردی کے واقعات کے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے لیے خصوصی سیکیورٹی پلان مرتب کیا گیا ہے جو جاری کردیا گیا ہے۔

ترجمان اسلام آباد کیپیٹل پولیس کے مطابق نئے سیکیورٹی پلان کے تحت دارالحکومت کے 25 مختلف مقامات پر عارضی چیک پوسٹس قائم کی جائیں گی اور ریڈ زون کے داخلی راستوں کی سیف سٹی کیمروں کے ذریعے ریکارڈنگ کی جائے گی اس کے علاوہ میٹرو سروس کے مسافروں کی ویڈیو ریکارڈنگ کی جائے گی۔

اسلام آباد پولیس نے شہریوں سے گزارش کی ہے کہ وہ شناختی دستاویزات اپنے ساتھ رکھیں۔ گاڑیوں پر ایکسائز دفتر سے جاری نمبر پلیٹ استعمال کریں۔ غیر ملکی شہری بھی اپنی شناختی دستاویزات ساتھ رکھیں۔

اسلام آباد کے شہریوں کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کرایہ داروں، ملازمین کا اندراج قریبی پولیس اسٹیشن یا خدمت مراکز پر کرائیں اور کسی بھی غیر معمولی سرگرمی کی اطلاع پکار 15 پر دیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ غیر نمونہ نمبر پلیٹ، غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کیخلاف کارروائی ہو گی اور جن افراد نے غیر رجسٹرڈ مقامی یا غیر ملکی ملازم رکھے ہیں ان کو بھی شامل تفتیش کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ چند روز قبل اسلام آباد میں خودکش دھماکا کیا گیا تھا جس میں ایک پولیس اہلکار شہید اور 5 اہلکاروں سمیت 10 افراد زخمی ہوگئے تھے۔اس کے علاوہ بنوں، چمن سمیت دیگر علاقوں میں دہشتگردی کی کئی کارروائیاں ہو چکی ہیں۔

 

یہ بھی دیکھیں

اسرائیل دنیا کی ہمدردیاں کھو چکا ہے: امریکی عہدیدار

واشنگٹن:امریکی سینیٹ کی انٹیلی جنس کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر مارک وارنر نے کہا کہ یہ …