جمعرات , 9 فروری 2023

اسلام آباد میں دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر سکیورٹی ریڈ الرٹ

اسلام آباد: دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی ریڈ الرٹ کردی گئی ہے جب کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ممکنہ خودکش بمبار کی تصویر بھی جاری کردی ہے۔

ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انٹیلی جنس ذرائع سے اطلاع ملی کہ ممکنہ دہشت گرد ذاکر خان ولد لائق جس کا تعلق خیبر پختون خوا سے ہے، دہشت گردی کے لیے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں داخل ہونے کی کوشش کرے گا۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ممکنہ دہشت گردی کے خدشے کے پیش نظر پولیس کو رپورٹ دی گئی ہے، جس کے بعد اسلام آباد میں سکیورٹی ریڈ الرٹ کرکے حفاظتی اقدامات سخت کردیے گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق اسلام آباد کی سکیورٹی کے پیش نظر مختلف مقامات پر چیکنگ شروع کردی گئی ہے، جس کی وجہ سے عوام کو دفاتر اور کاروباری مقامات تک پہنچنے میں تاخیر کا سامنا کر پڑ سکتا ہے۔

شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ دہشت گردی کے خدشے کے پیش نظر سکیورٹی کے سخت اقدامات کے باعث دفاتر یا کاروباری مقامات پر جانے کے لیے 15 سے 20 منٹ پہلے نکلیں۔پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سخت چیکنگ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے کی جا رہی ہے، جس پر زحمت کے لیے معذرت خواہ ہیں۔

پولیس کی جانب سے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ دوران چیکنگ اہل کاروں کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی غیر معمولی سرگرمی کو دیکھتے ہی فوراً پکار 15 پر اطلاع دیں۔

واضح رہے گزشتہ جمعہ کو بھی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے آئی ٹین میں پولیس کی جانب سے چیکنگ کے دوران ایک گاڑی کے ذریعے خودکش دھماکا ہوا تھا۔

یہ بھی دیکھیں

آئی ایم ایف کےکہنے پر قوم پر مہنگائی کا بوجھ ڈال رہے ہیں: بلاول

اسلام آباد:چیئرمین پیپلز پارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے عالمی اداروں اور عالمی …