بغداد:عرب اور ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ شہید قاسم سلیمانی اور ابو مہدی المہندس کی یاد میں بغداد کے ہوائی اڈے پر آج رات اور کل ایک تقریب منعقد ہونے جا رہی ہے۔ ایرانی خبر رساں ادارے فارس نیوز نے اس حوالے سے رپورٹ دی کہ بغداد ایئرپورٹ پر شہیدین میجر جنرل قاسم سلیمانی اور ابو مہدی المہندس کی شہادت کی تیسری برسی کی تیاریاں جاری ہیں اور آج صبح ہی سے ہوائی اڈے کے داخلی راستوں پر حفاظتی اقدامات کا انتظام کیا گیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردی کے خلاف جنگ کے فاتح ہیروز کی شہادت کی برسی کے لیے ضروری اقدامات کئے گئے ہیں اور اس سلسلے میں تمام ادارے آن بورڈ ہیں۔ اس کے علاوہ آج رات بغداد کے ہوائی اڈے کے راستے اور جنرل قاسم سلیمانی و ابو مہدی المہندس کی جائے شہادت پر ایک بڑا اجتماع منعقد کیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ شب اسی مقام (جائے شہادت) پر ان دو عزیز شہداء کے مجسمے بھی نصب کیے گئے ہیں۔