ہفتہ , 20 اپریل 2024

نیوزی لینڈ 449 رنز کے جواب میں پاکستان کے 3 وکٹوں پر 154 رنز

کراچی : ٹیسٹ کے دوسرے دن نیوزی لینڈ کے 449 رنز کے جواب میں پاکستان نے 3 وکٹوں پر 154 رنز بنالیے۔نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان کھیلی جارہی ٹیسٹ سیریز کا دوسرا اور آخری میچ کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ارینا میں جاری ہے۔

کھیل کے دوسرے دن نیوزی لینڈ اپنی پہلی اننگز میں 449 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی جب کہ کھیل کے اختتام تک پاکستان نے 3 وکٹوں پر 154 رنز بنالیے۔نیوزی لینڈ کے 449 رنز کے جواب میں پاکستان کی جانب سے عبداللہ شفیق اور امام الحق میدان میں اترے۔عبداللہ شفیق کے ٹیسٹ کیرئیر پر ایک اور ناکام اننگز کا اضافہ ہوا۔ جب وہ آؤٹ ہوئے تو پاکستان کا اسکور 27 رنز تھا۔ عبداللہ شفیق 19 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔

امام الحق نے شان مسعود کے ساتھ اسکور کو آگے بڑھانے کی ٹھانی لیکن 56 رنز پر شان مسعود کی ہمت جواب دے گئی، وہ 20 رنز ہی بناسکے۔شان کے جانے کے بعد بابر میدان میں اترے لیکن وہ توقعات پر پورا نہ اتر سکے۔ 99 کے مجموعی اسکور پر بابر اعظم رن آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔ انہوں نے 24 رنز بنائے۔امام الحق اور سعود شکیل نے پاکستان کی بھنور میں پھنسی کشتی کو بچانے کی بھرپور کوشش کی، دونوں نے آؤٹ ہوئے بغیر اسکور کو 154 رنز پر پہنچایا۔کھیل کے اختتام تک امام الحق نے 71 جب کہ سعود شکیل نے 13 رنز بنائے تھے۔ پاکستان کو اب بھی 295 رنز کے خسارے کا سامنا ہے۔

میچ کے دوسرے دن نیوزی لینڈ نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 309 رنز کے ساتھ اپنی پہلی اننگز دوبارہ شروع کی تو ٹام بلنڈل 30 اور اش سودھی11رنز پر بیٹنگ کررہے تھے۔اش سودھی 11 رنز بناکر نسیم شاہ کا شکار بنے، ٹام بلنڈل 51 اور ٹم ساوتھی 10 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ، دسویں نمبر کے کھلاڑی اعجاز پٹیل نے 35 رنز بنائے جبکہ نویں نمبر کے کھلاڑی میٹ ہینری 68 رنز کیساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔گزشتہ روز نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ شروع کی۔ کیوی اوپنر ٹام لیتھم کے 71 اور ڈیون کانوائے کے شاندار 122 رنز کی بدولت نیوزی لینڈ نے دن کے اختتام پر 6 وکٹوں کے نقصان پر 309 رنز بنائے تھے۔

یہ بھی دیکھیں

سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کردی

کراچی: سعودی عرب نے پاکستان کی معیشت کو استحکام دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ …