جمعہ , 19 اپریل 2024

ایم کیو ایم پاکستان کا حلقہ بندیوں کے خلاف احتجاجی مہم چلانے کا فیصلہ

کراچی:متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ حلقہ بندیوں کے خلاف احتجاجی مہم چلانے کا فیصلہ کر لیا، کراچی کے حقوق کیلئے آواز اٹھانے والی مختلف سیاسی جماعتوں کو بھی مدعو کیا جائے گا، وفد پی ایس پی کو بھی دعوت دے گا۔

بہادر آباد عارضی سے متصل پارک میں ایم کیو ایم کا جنرل ورکرز اجلاس ہوا، جس سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ فیصلہ کن جدوجہد اور وسیع تر اتحاد کیلئے دعوت دی جا رہی ہے، جس متحدہ میں واپس نہیں آئے گا تاریخ اس سے حساب لے گی، ایم کیو ایم کا پلیٹ فارم مہاجروں کے اتحاد کے لیے بنایا تھا، ایم کیو ایم متحد، دروازے سب کے لیے کھلے ہیں۔

خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ ہم جلد سے جلد شفاف انتخابات چاہتے ہیں، ہم جعلی مردم شماری اور بوگس ووٹر لسٹوں والے انتخابات نہیں چاہتے، 9 جنوری کو مردم شماری، حلقہ بندیوں، ووٹر لسٹ اور مہاجر حقوق کے لئے ہم اپنے گھروں سے نکلیں گے، اس اہم ترین مظاہرے میں تمام جماعتوں کو دعوت دیں گے کہ وہ شامل ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی بھی سندھ کے شہری علاقوں میں سیاست کرنا چاہتی ہے تو انہیں پہلے صحیح گنے، اجلاس کے شرکا نے بڑی تعداد میں ہاتھ بلند کر کے خالد مقبول صدیقی کی حمایت کا اعلان کر دیا۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ یہاں آپ کو بھی اندازہ ہو رہا ہو گا کہ ایک فیصلہ کن جدوجہد کا آغاز ہو چکا ہے، جانے والوں نے سمجھ لیا ہے کہ باقی سارے راستے بھٹکانے والے ہیں، مہاجروں کو معلوم ہے کہ ان کی صحیح جگہ صرف ایم کیو ایم ہے، جو یہاں نہیں کھڑا وہ مہاجر مفاد کے ساتھ نہیں کھڑا، ہم چاہتے ہیں کہ عام پاکستانی ایوانوں میں پہنچے اور اپنے معاملات اپنے ہاتھ میں لے، ہم نے ہر انتخابات میں عام لوگوں کو ٹکٹ دیا اور انہیں کامیاب کرایا۔

انہوں نے کہا کہ مڈل کلاس کے حقوق کی جدوجہد سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے، ہمارا کردار ہی ہماری ڈگری ہے، اس گرینڈ اسمبلی سے تمام لوگوں کو دوبارہ شمولیت کی دعوت دے رہے ہیں، جب جب ایم کیو ایم نے بائیکاٹ کیا جماعت اسلامی کا ناظم آیا، جماعت اسلامی کی سیاست ایم کیو ایم کی دی گئی خیرات ہے، اپنی شناخت پرکوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، ہمارے دروازے، دل، آنکھیں سب کھلی ہیں، آئیں مہاجروں کی نمائندہ جماعت کےساتھ مل کر جدوجہد کریں۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہم نےغریب، مظلوموں کا مقدمہ بار بار لڑا ہے، حق پرستوں کو بھی شمولیت کی دعوت دیتے رہے ہیں، کئی بار ہمارے خلاف آپریشن بھی ہوئے، ہمارے کچھ ساتھی ایم کیو ایم چھوڑنے پر مجبور ہوئے، ایم کیو ایم مہاجر کارکنوں کی ماں ہے، سب کو سمونا چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج ایم کیو ایم کے ذمہ داران کا اجلاس یعنی مہاجروں کی گرینڈ اسمبلی ہو رہی ہے، فیصلہ کرنے کی ذمہ داری رابطہ کمیٹی جبکہ اس پر مہر کی ذمہ داری آپ کی ہے، ہم نے اپنی شناخت پر کوئی کمپرومائز نہیں کرنا کیونکہ شناخت ہی مقدر ہوتی ہے، جو کچھ ہمارے ساتھ ہوا ہے کسی اور کے ساتھ ہوتا وہ ان کا وجود مٹ جاتا، اتنی سردی میں بھی جذبے کی حرارت کے ساتھ میری مائیں بہنیں اتنی بڑی تعداد میں یہاں ہیں۔

خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ جو کچھ مہاجروں کے ساتھ گزرا ہے ہمیں لگتا ہے اس پر کوئی قومی اتفاق رائے ہے، ہمارے اتحاد کی وجہ سے اس قومی اتفاق رائے کو بھی شکست ہوئی ہے، ہم نے بار بار کہا کہ ہمارے دروازے سب کے لئے کھلے ہیں، یہ واحد جماعت ہے جس نے شناخت بھی دی اور اس کو قائم رکھنے کے لئے قربانی بھی دی، ایم کیو ایم کے لوگوں نے اپنے شناخت کی خاطر بے مثال قربانیاں دیں۔

یہ بھی دیکھیں

سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کردی

کراچی: سعودی عرب نے پاکستان کی معیشت کو استحکام دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ …