ہفتہ , 20 اپریل 2024

امریکی ریاست ورجینیا کے اسکول میں 6 سالہ بچے کی فائرنگ، ٹیچر شدید زخمی

واشنگٹن:امریکی ریاست ورجینیا میں ایک ایلمینٹری اسکول میں 6 سالہ بچے کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک ٹیچر شدید زخمی ہو گئیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق یہ واقعہ ساحلی شہر نیوپورٹ نیوز کے رچنیک ایلمینٹری اسکول میں پیش آیا، جس میں تمام طلبہ محفوظ رہے۔

مقامی پولیس چیف اسٹیو ڈریو نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ 6 سالہ طالب علم اس وقت پولیس کی حراست میں ہے، مزید بتایا کہ یہ حادثاتی فائرنگ نہیں تھی۔پولیس نے بتایا کہ متاثرہ ٹیچر کی عمر 30 سال سے زائد ہے اور ان کو جو زخم آئے ہیں، اس سے ان کی جان بھی جا سکتی ہے۔

شہر کے سپرنٹنڈنٹ آف اسکولز جارج پارکر نے بتایا کہ میں صدمے میں ہوں اور مایوس ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں کمیونٹی کی حمایت کی ضرورت ہے تاکہ نوجوانوں کی بندوقوں تک رسائی نہ ہو اور اس کو یقینی بنایا جاسکے۔

واضح رہے کہ 15 نومبر کو ڈان کی رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست ایڈاہو اور ورجینیا میں 2 یونیورسٹی کیمپسز میں پرتشدد واقعات میں 7 طلبہ جاں بحق ہوگئے تھے۔

اسی طرح 25 مئی کو امریکی ریاست ٹیکساس کے ایک ایلیمنٹری اسکول میں 18 سالہ بندوق بردار نے کلاس رومز میں جا کر فائرنگ کر دی تھی جس کے نتیجے میں کم از کم 19 بچے ہلاک ہو گئے تھے۔

گن وائلنس ڈیٹا بیس کے مطابق امریکا میں گزشتہ برس فائرنگ سے متعلق واقعات میں 44 ہزار افراد ہلاک ہو گئے تھے، جس میں سے تقریباً آدھے قتل، حادثات اور اپنے دفاع کے کیسز تھے اور نصف خودکشی کے واقعات تھے۔

یہ بھی دیکھیں

ترک صدر اردوغان نے نیتن یاہو کو غزہ کا قصائی قرار دیدیا

انقرہ:ترک صدر رجب طیب اردوغان نے نیتن یاہو کو غزہ کا قصائی قرار دیا ہے۔ترکی …