جمعہ , 19 اپریل 2024

کورونا پابندیاں : چین نے جاپان اور جنوبی کوریا کیلئے ویزوں کا اجراء معطل کردیا

بیجنگ : چین کی جانب سے کورونا سفری پابندیوں کیخلاف ردعمل کے طور پر جنوبی کوریا اور جاپان کیلئے مختصر مدت (شارٹ ٹرم ) ویزوں کا اجراء معطل کر دیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس حوالے سے جنوبی کوریا میں چینی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ کورین اور جاپانی شہریوں کیلئے شارٹ ٹرم ویزے جاری نہیں کیے جارہے ہیں اور چین پر لگائی گئی امتیازی داخلے کی پابندیاں ہٹانے کے بعد ہی ویزوں کے اجراء کا دوبارہ آغاز کیا جائے گا۔

جاپان اور کوریا ہی نہیں دنیا کے دوسرے ممالک میں بھی کورونا کیسز میں اضافے کے بعد چینی شہریوں پرسفری پابندیاں لگائی گئیں تھیں ۔

چین کی جانب سے اس اقدام پر جنوبی کوریا کے ترجمان وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ کورونا کیسز میں اضافے کے باعث چین سے آنے والے مسافروں پر سفری پابندیاں سائنسی اصولوں کی بنیاد پر لگائی گئی ہیں، چین کے ساتھ سفارتی سطح پر اس موقف پرمذاکرات جاری ہیں ۔

گزشتہ ہفتے جنوبی کوریا نے چین سے آنیوالے مسافروں کو سیاحتی ویزہ دینے سے انکار کردیا تھا ، چین کی جانب سے اس فیصلے کو "غیر سائنسی اور ناقابل قبول ” قرار دیا گیا تھا ۔

جاپان کی جانب سے چینی شہریوں کو کورونا ٹیسٹ منفی آنے کے بعد داخلے کی اجازت دی گئی تھی ، بیجنگ نے ٹوکیو اور سئیول کیجانب سے ویزے سے متعلق نئی پابندیوں کی تصدیق کی گئی ہے ۔

اس سے قبل زیرو کووڈ پالیسی میں نرمی کے معاملے پر مختلف ممالک کی جانب سے سفری پابندیاں عائد کی گئیں تھیں ، امریکا، برطانیہ، بھارت سمیت متعدد ممالک چین میں کورونا کیسز کے پھیلاؤ پروہاں سے آنے والے مسافروں پر منفی کورونا ٹیسٹ کی شرط لازمی کر چکے ہیں۔

یاد رہے کہ چین کی جانب سے تین سال بعد 8 جنوری سے کورونا پابندیوں میں نرمی کے بعد تمام بارڈر کھول دیے گئے ہیں ۔گذشتہ ہفتوں میں چین نے اپنی وباء پالیسی کو تبدیل کر کے قرنطینہ پابندیاں ختم کر دی تھیں ۔

یہ بھی دیکھیں

ترک صدر اردوغان نے نیتن یاہو کو غزہ کا قصائی قرار دیدیا

انقرہ:ترک صدر رجب طیب اردوغان نے نیتن یاہو کو غزہ کا قصائی قرار دیا ہے۔ترکی …