جمعرات , 25 اپریل 2024

جماعت اسلامی کا کراچی بلدیاتی الیکشن میں مبینہ دھاندلی کیخلاف احتجاج کا اعلان

کراچی:‏امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی ہدایت پر جماعت اسلامی نے کل 17 جنوری بروز منگل ملک بھر میں احتجاج کی کال دے دی۔ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف کا کہنا ہے کہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کل منصورہ میں اہم اجلاس بھی طلب کر لیا ہے جس میں کراچی کے انتخابات کے حوالے سے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

امیرجماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی کراچی میں بڑی پارٹی بن کرسرفہرست آچکی ہے۔ پولنگ ایجنٹزکے نتائج واضح ہیں کہ جماعت اسلامی اکثریت میں ہے، ہمارےعلاوہ دیگر جماعتوں کے نتائج میں بھی ردوبدل کیا جارہاہے۔ اپیل کرتاہوں کہ ملک کے بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں۔

خیال رہے کہ کراچی میں بلدیاتی الیکشن ہوئے 28 گھنٹے گزرگئے لیکن اب تک مکمل نتائج جاری نہیں کئے جاسکے۔ صوبائی الیکشن کمشنر کے شام تک نتائج جاری کرنے کے اعلان پر بھی عملدرآمد نہیں ہوسکا۔

کراچی میں ضلع وسطی، کورنگی اور غربی میں ڈپٹی کمشنر آفسز کے باہر سیاسی جماعتوں کے کارکن احتجاجاً بیٹھے ہوئے ہیں۔ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے ریٹرننگ افسران پر نتائج بدلنے کا الزام لگادیا ہے جبکہ تحریک انصاف نے بھی انتخابی نتائج تسلیم کرنے سے انکار کردیا۔

واضح رہے کہ کراچی میں بلدیاتی الیکشن میں 235 مجموعی نشستوں میں سے پیپلزپارٹی 86 نشستوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔ جماعت اسلامی 68 سیٹیں جیت چکی۔ تحریک انصاف کے 37 امیدوار ہی کامیاب ہوپائے ہیں۔

یہ بھی دیکھیں

سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کردی

کراچی: سعودی عرب نے پاکستان کی معیشت کو استحکام دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ …