جمعہ , 19 اپریل 2024

سیلاب متاثرین کیلئے قائم بحالی کمیٹیاں،ججز کو سربراہی سے ہٹا دیا گیا

اسلام آباد:سپریم کورٹ آف پاکستان ( Supreme Court of Pakistan ) نے سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے قائم شہری کمیٹیوں کی سربراہی سے ججزکو ہٹا دیا ہے۔ عدالت عظمیٰ کا اپنے فیصلے میں کہنا ہے کہ ( Flood 2022 ) متاثرین کی بحالی کيلئے کمیٹیاں قانون کے مطابق کام جاری رکھیں گی۔

سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے منگل 17 جنوری کو سیلاب متاثرین کی بحالی کيلئے بنائی گئیں نگراں کمیٹیوں کیخلاف درخواستوں پر تفصیلی فیصلہ جاری کیا۔ چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے فیصلہ جاری کیا۔

اس موقع پر سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کیخلاف سندھ حکومت کی درخواستوں کو جزوی طور پر منظور بھی کرلیا گیا ہے۔

سپریم کورٹ کے جاری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ بحالی اور نگرانی کيلئے شہری کمیٹیوں میں خواتین کو بھی شامل کیا جائے، جب کہ سیلاب زدہ علاقوں میں خواتین کو طبی سہولیات کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے۔

عدالتی حکم میں شہری کمیٹیوں کو ریلیف آپریشنز میں ہدایات اور کنٹرول کرنے سے روک دیا گیا۔ عدالت کا کہنا ہے کہ شہری کمیٹیاں متاثرین کی بحالی کيلئے اداروں کیساتھ مل کر کام کریں، جب کہ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمینٹ اتھارٹی ( پی ڈی ایم اے) ہر 2 ہفتوں بعد سندھ ہائیکورٹ میں رپورٹ جمع کرائے۔

واضح رہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے سول ججز کو شہری کمیٹیوں کا سربراہ تعینات کیا تھا، جس پر سندھ حکومت نے سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کيا تھا۔ سندھ حکومت کے مطابق عدالت کا آرڈر ایگزیکٹو معاملات میں مداخلت ہے۔

یہ بھی دیکھیں

اسرائیل دنیا کی ہمدردیاں کھو چکا ہے: امریکی عہدیدار

واشنگٹن:امریکی سینیٹ کی انٹیلی جنس کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر مارک وارنر نے کہا کہ یہ …