ہفتہ , 20 اپریل 2024

روس نے جنوبی ایشیا میں پاکستان کو اہم اتحادی قرار دیدیا

اسلام آباد: صدر پیوٹن نے پاکستان کو جنوبی ایشیا اور عالم اسلام میں روس کا اہم شراکت دار ملک قرار دیتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لیے روس کی بھرپور دلچسپی ظاہر کردی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف سے روس کے وزیر توانائی نکولے شولگینوف کی قیادت میں وفد نے لاہور میں ملاقات کی، اس دوران وزیراعظم نے پاکستان اور روس کے باہمی تعلقات کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

ملاقات کے دواران وزیر اعظم نے ستمبر 2022 میں سمرقند میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ اپنی ملاقات کا ذکرکرتے کرتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی معاملات میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کے لیے دونوں ممالک کی کوششوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔

دونوں اطراف سے دوطرفہ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کی ترقی کے لیے توانائی کے شعبے کی اہمیت پر اتفاق کیا گیا، اس سلسلے میں روس سے پاکستان کو طویل المدتی بنیادوں پر تیل اور گیس کی فراہمی پر تبادلہ خیال کیا گیا اور گیس پائپ لائنز سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔

لاہور میں روسی وزیر سے ہوئی ملاقات میں پاکستان اور روس کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے تھے، اس موقع پر روس کے وزیر توانائی نے وزیر اعظم کو روسی صدر ولادی میر پیوٹن کا خصوصی پیغام پہنچایا۔

صدر پیوٹن نے اپنے پیغام میں پاکستان کو جنوبی ایشیا اور عالم اسلام میں روس کا اہم پارٹنر قرار دیتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لیے روس کی بھرپور دلچسپی کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے 20 جنوری 2023 کو اسلام آباد میں ہونے والے پاک روس بین الحکومتی کمیشن کے اجلاس کے آٹھویں دور کے کام کے حوالے سے خیالات کا اظہار کیا۔

یہ بھی دیکھیں

سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کردی

کراچی: سعودی عرب نے پاکستان کی معیشت کو استحکام دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ …