ہفتہ , 20 اپریل 2024

الیکشن کمیشن کو نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کیلیے چار نام موصول، جانچ پڑتال شروع

لاہور: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے ناموں کا پروفائل جانچنا شروع کردیا ہے، تاہم خصوصی اجلاس میں فیصلے کے بعد نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے حتمی نام کا اعلان کل کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق نگراں وزیراعلیٰ کے لیے چاروں نام الیکشن کمیشن کو موصول ہوگئے ہیں جس پر حکام نے کام کا آغاز کر دیا ہے۔ موصول شدہ چاروں ناموں کے پروفائل تیار کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا۔ تفصیلی پروفائل میں چاروں کی قابلیت اور اپنے شعبہ میں کارکردگی شامل ہوگی۔سیکرٹری الیکشن کمیشن پروفائل خصوصی اجلاس میں پیش کریں گے، جس کے بعد الیکشن کمیشن کل وزیراعلیٰ پنجاب کے نام کا اعلان کرے گا۔

قبل ازیں نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے تقرر پر پارلیمانی کمیٹی کی ناکامی کے بعد یہ معاملہ الیکشن کمیشن پہنچ چکا تھا۔ ذرائع کے مطابق آرٹیکل 224 اے کے تحت نگراں وزیراعلیٰ کے تقرر کا فیصلہ اب الیکشن کمیشن کرے گا۔ حکومت اور اپوزیشن کے دو، دو نام الیکشن کمیشن کے پاس پہنچ گئے۔

چیف الیکشن کمشنر نے نگراں وزیر اعلیٰ کے تقرر کے لیے اہم اجلاس کل شام ساڑھے 6 بجے الیکشن کمیشن مرکزی سیکرٹریٹ میں طلب کر لیا ہے، جس میں نگراں وزیراعلیٰ کے نام کی منظوری دی جائے گی۔ الیکشن کمیشن نام فائنل کرکے گورنر کو بھجوائے گا۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کے پاس نگراں وزیراعلیٰ کے تقرر کے لیے کل رات 10 بجے تک کا وقت ہے۔قبل ازیں حکومتی اتحاد کی جانب سے احمد نواز سکھیرا اور نوید اکرم چیمہ کے نام تجویز کیے گئے تھے۔ اپوزیشن نے محسن رضا نقوی اور احد چیمہ کو نامزد کررکھا ہے۔واضح رہے کہ الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ آج اور کل کھلا رہے گا جب کہ تمام ملازمین کو ہفتہ اور اتوار کے روز دفتر آنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

یہ بھی دیکھیں

سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کردی

کراچی: سعودی عرب نے پاکستان کی معیشت کو استحکام دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ …