جمعہ , 19 اپریل 2024

عمران خان کیخلاف غیر ملکی ایجنسیاں کارروائی کر سکتی ہیں، رانا ثنا اللہ

اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ عمران خان کو متنبہ کرتا ہوں کہ ان کے خلاف غیر ملکی ایجنسیاں کارروائی کر سکتی ہیں۔لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ غیر ملکی ایجنسیوں کا اندازہ ہوگا کہ الزام تو پہلے ہی عمران خان کچھ افراد پر لگا چکا ہے، ایسا بیان ان کی زندگی کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔

رانا ثنا اللہ نے انکشاف کیا کہ 26 نومبر کو بھی عمران خان کی جان کو پڑوسی ملک کی ایجنسی سے خطرہ تھا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان جھوٹا انسان ہے جو ہمیشہ الزام تراشی سے کام لیتا ہے، اس نے پہلے 4 لوگوں کا کہا تھا کہ انہوں نے میرے قتل کی سازش بنائی اور اب آصف علی زرداری پر الزام اپنے مخالفین کے خلاف پروپیگنڈا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’ڈالر کا ریٹ آئی ایم ایف کے معاہدے کے بعد زمین پر گرے گا۔ عمران خان باقاعدہ مہم چلا رہے ہیں کہ پاکستان ڈیفالٹ کر جائے گا۔ جب ملک کے اندر ہی ایسے لوگ ہوں تو یہ بھی بدقسمتی کی صورت ہے۔ چاہتے ہیں کہ ووٹ کی طاقت سے عمران خان کی سیاست مائنس کریں۔‘

اس سے قبل مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کے لیے رانا ثنا اللہ نے حسن نواز کے دفتر آمد پر میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ میں عمران خان کی گرفتاری کے خلاف ہوں۔

عمران خان نے آج ویڈیو لنک کے ذریعے اپنے خطاب میں آصف علی زرداری پر قتل کی سپاری دینے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا ’میرے قتل کا پلان اے اور بی ناکام ہونے کے بعد پلان سی بنایا گیا ہے جس کا سرغنہ زرداری ہے۔‘

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا ’زرداری نے سندھ کا لوٹا ہوا پیسہ دہشتگرد تنظیم کو دیا ہے جو چار لوگ مجھے قتل کرانا چاہتے تھے ان کے ساتھ زرداری بھی شامل ہیں۔ قوم کو یہ سب کچھ اس لیے بتا رہا ہوں تاکہ مجھے کچھ ہو جائے تو ان لوگوں کو انجوائے کرنے نہ دینا۔‘

 

یہ بھی دیکھیں

رحیم یار خان : دو قبیلوں میں تصادم کے دوران آٹھ افراد جاں بحق

رحیم یار خان:رحیم یار خان کے نزدیک کچھ ماچھک میں دو قبیلوں میں تصادم کے …