بدھ , 24 اپریل 2024

یورپی یونین کی پابندی کے باعث روسی پٹرول اب پاکستان بھیجا جائے گا

ماسکو:یورپی یونین کی درآمد پر پابندی کے باعث روسی پٹرول اب پاکستان بھیجا جائے گا۔آزاد روسی آئل ریفائنر فورٹ انویسٹ نے ایک معاہدہ کیا ہے جس کے تحت پہلی بار روسی پٹرول زمینی راستے سے پاکستان کو بھیجا جائے گا۔

انڈسٹری کے دو ذرائع نے جمعہ کو روئٹرز کو بتایا کہ روسی ریفائنرز یورپی یونین کی درآمد پر پابندی سے چند دن قبل موٹر فیول کے لیے متبادل منڈیوں کی تلاش میں ہیں۔

ذرائع نے مزید کہا کہ فورٹ انویسٹ نے ایک تاجر کو اپنے اورسک پلانٹ سے ابتدائی ایک ہزار ٹن پٹرول پاکستان کو ڈیلیوری کے لیے فروخت کیا ہے۔روئٹرز کے مطابق فورٹ انویسٹ کو پاکستان میں پٹرول، ڈیزل اور ایل پی جی کی فراہمی کے لیے مزید درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ریفائن شدہ مصنوعات روس میں اورسک ریفائنری سے بھیجی جائیں گی۔

ذرائع کے مطابق روس اور پاکستان کے درمیان براہ راست ریل رابطہ نہ ہونے کے باعث پٹرویم مصنوعات قازقستان کی سرحد کے قریب روس کے اورین برگ کا علاقہ میں قائم اورسک ریفائنری سے ریل کے ذریعے افغانستان تک پہنچائی جائیں گی، اور وہاں سے پاکستان کو ترسیل کے لیے دوبارہ انہیں ٹینکرز میں لوڈ کیا جائے گا۔

یہ اقدام مغربی پابندیوں کے ایک نئے مرحلے سے کچھ دن پہلے سامنے آیا ہے۔جی 7 ممالک اور مجموعی طور پر 27 ممالک پر مشتمل یورپی یونین عالمی رسد میں خلل ڈالے بغیر تیل کی برآمدات سے روس کی آمدنی کو محدود کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

روس کے وزیر توانائی نے 20 جنوری کو جاری بیان میں کہا کہ درآمد شدہ روسی تیل کی مصنوعات پر قیمت کی حد 5 فروری سے نافذ ہونے والی ہے۔

’اس کے ساتھ ساتھ روس کی ریفائنڈ مصنوعات پر یورپی یونین میں درآمد پر پابندی عائد ہو گی۔اگر شرائط پر اتفاق ہو گیا تو روس مارچ کے بعد توانائی کے بحران سے دوچار پاکستان کو تیل برآمد کرنا شروع کر سکتا ہے۔’

پاکستان کے وزیر مملکت برائے پیٹرولیم نے دسمبر میں کہا تھا کہ روس پاکستان کو خام تیل ، پٹرول اور ڈیزل رعایتی قیمتوں پر فروخت کرے گا۔انہوں نے یہ بیان مذکورہ معاہدے پر بات چیت کرنے کے لیے ایک سرکاری ٹیم کی ماسکو میں قیادت کے دوران دیا تھا۔

پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری پیر کو ماسکو میں مذاکرات کرنے والے ہیں۔تاریخی طور پر، پاکستان کے ماسکو کے ساتھ توانائی کے بڑے تجارتی تعلقات نہیں ہیں۔اس وقت پاکستان کا انحصار خلیجی ممالک کے تیل پر ہے۔

جو اکثر پاکستان سے قربت کے پیش نظر، ادائیگیاں موخر کرنے اور ٹرانسپورٹ کے کم اخراجات جیسی سہولیات فراہم کرتے ہیں۔

سال 2022 میں روس نے اورسک، اومسک، سلاوات، تنیکو، اور طائف آئل ریفائنریوں سے تقریباً ایک لاکھ 20 ہزار ٹن پٹرول کے ساتھ ساتھ بیلاروسی نژاد اور روسی تیل کے ڈپو سے تقریباً 41 ہزار ٹن ڈیزل افغانستان کو ریل کے ذریعے بھیجا۔ریل ڈیٹا سے پتہ چلتا ہے کہ روس نے پاکستان کو تقریباً ایک لاکھ 4 ہزار ٹن ایل پی جی بھی برآمد کی ہے۔

یہ بھی دیکھیں

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی، انڈیکس 59 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کرگیا

کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمعہ کے روز کاروبار کا آغاز تیزی کے رجحان سے …