منگل , 23 اپریل 2024

تہران:امتِ واحدہ پاکستان کے وفد کا بیتِ امام خمینیؒ کا دورہ

تہران:امت واحدہ پاکستان کے40رکنی وفد نے ایران کے شہر قم میں پہلے روز "بیت امام خمینی”کا دورہ کیا۔بیتِ امام کے مسئول نے علمائے کرام کو بتایا کہ قم المقدس میں امام خمینی رح نے چند گھروں میں قیام فرمایا، جن میں سے بعض کرائے تھے یا خریدے ہوئے یہ اُن میں سے ایک گھر ہے جو قم کے محلے یخچال قاضی میں واقع ہے،

امام خمینی رح جب تک قم میں رہے اسی گھر میں قیام فرمایا اس گھر کا زیادہ تر حصہ مٹی سے بنا ہوا ہے ،امام خمینی رح نے ہمیشہ سادہ زندگی گزاری ۔یہ گھر سوسال پرانا ہے اس سادہ گھر کو خود حضرت امام خمینی (رہ) نے خریدا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ امام خمینی اتحاد اسلامی کے عظیم علمبردار تھے امام خمینی نے یہ فتویٰ دیا تھا کہ اہلسنت کے پیچھے نماز پڑھنا جائز ہے حتیٰ کہ اگر نماز پڑھائی جارہی ہو تو ضرور نماز ادا کریں۔

دورہ کے موقع پر اہلسنت علمائے کرام اور سادات عظام نے امام خمینی کی اتحاد بین المسلمین کے لیے کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عالم اسلام کی عظیم شخصیت امام خمینی کا سادہ گھر میں قیام متاثر کن عمل ہے۔ اگر مسلم حکمران امام خمینی کو آئیڈیل قرار دیکر سادہ طرزِ زندگی اپنائیں تو کئی مشکلات سے نجات پاسکتے ہیں۔

بلاشبہ امام خمینی کے فرمان کے مطابق شیعہ سنی اسلام کے دو طاقت ور بازو ہیں اِن کے درمیان تفرقہ ڈالنے والا استعمار کا ایجنٹ ہے۔اس موقع پر علامہ ارتضی حسن رضوی نے مسئولِ بیت امام کے ہمراہ گھر کے مختلف حصوں کا دورہ بھی کروایا۔دورہ کے آخر میں شیعہ سنی علمائے کرام و ساداتِ عظام نے سالارِ قافلہ علامہ عباس وزیری کے ہمراہ گروپ فوٹو بھی بنوایا ۔

یہ بھی دیکھیں

سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کردی

کراچی: سعودی عرب نے پاکستان کی معیشت کو استحکام دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ …