بدھ , 24 اپریل 2024

صیہونی حکومت کے جبر کا وقت ختم ہوچکا ہے، ہادی العامری

بغداد: عراق میں "الفتح” پارلیمانی اتحاد کے سربراہ "ہادی العامری” نے کہا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت جان لے کہ اس کے جبر کا سورج غروب ہوچکا ہے اور جنگی توازن بھی اس کے حق میں نہیں ہے۔ انہوں نے فلسطینی عوام کے خلاف عارضی صیہونی رژیم کے ظالمانہ اقدامات کی مذمت کی۔ ہادی العامری نے اس حوالے سے اپنے ٹیلی گرام چینل پر بیان جاری کرتے ہوئے لکھا کہ صیہونی حکومت اور اس کے حامی حالیہ واقعات کے ذمہ دار ہیں، کیونکہ بہادر فلسطینیوں کے اقدامات اور ان کی مزاحمتی کارروائیاں ایک ایسی قوم کا فطری اور قانونی حق ہے، جس کی سرزمین پر قبضہ کر لیا گیا ہو اور جس کے حقوق ایک غاصب حکومت نے پامال کیے ہوں۔ انہوں نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ہم غاصب اسرائیل کا مقابلہ کرنے پر فلسطینی قوم کے حوصلے کی داد دیتے ہیں۔ ہمیں موجودہ صورتحال میں مقاومت کے ارتقاء اور طریقہ کار پر فخر ہے۔

ہادی العامری نے کہا کہ یہ کارروائیاں ایک پیغام ہے، جسے صیہونی حکومت کو سمجھنا چاہیئے۔ انہوں نے صراحت کے ساتھ کہا کہ اسرائیل کو جان لینا چاہیئے کہ جبر کا وقت ختم ہوچکا ہے اور جنگ کا توازن بھی اس کے حق میں نہیں ہے۔ فلسطین زندہ باد۔ شہداء پر درود و سلام، قابض حکومت اور اس سے تعلقات کی بحالی کا نعرہ لگانے والے پہ لعنت۔ یاد رہے کہ جمعہ کی شام صہیونی ذرائع نے مقبوضہ بیت المقدس میں فائرنگ کے واقعے کی خبر دی، جس کے نتیجے میں کم از کم 8 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے۔ اس کارروائی کو انجام دینے والے فدائی "خیری علقم” کو صہیونی پولیس نے تعاقب کے بعد شہید کر دیا۔ یہ کارروائی صیہونی فوجیوں کی جانب سے جمعرات کے روز مغربی کنارے میں واقع جنین کیمپ پر حملے کے نتیجے میں 9 فلسطینیوں کو شہید اور 20 کے زخمی ہونے کے بعد انجام دی گئی۔ گذشتہ رات کی کارروائی کے علاوہ، آج صبح مقبوضہ بیت المقدس کے مشرق میں واقع "سلوان” میں فائرنگ کا ایک واقعہ پیش آیا۔

سلوان میں پیش آنے والے اس واقعے میں ایک فلسطینی کی فائرنک کے نتیجے میں دو صیہونی زخمی ہوگئے۔ صیہونی ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے ایک صہیونی فوج کے پیرا ٹروپرز بریگیڈ کا افسر بھی شامل ہے، جو چھٹیوں پر گھر آیا ہوا تھا۔ زخمیوں میں سے ایک کی حالت نازک ہے۔ جسے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں شفٹ کیا گیا ہے۔ صیہونی رپورٹر "باراک راوید” نے اس فداکارانہ حملے کو انجام دینے والے فلسطینی کی شہادت کی خبر دی۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ فدائی حملہ ایک 13 سالہ فلسطینی نوجوان نے انجام دیا ہے۔

یہ بھی دیکھیں

عمران خان نے تحریک انصاف کے کسی بڑے سیاسی رہنما کے بجائے ایک وکیل کو نگراں چیئرمین کیوں نامزد کیا؟

(ثنا ڈار) ’میں عمران کا نمائندہ، نامزد اور جانشین کے طور پر اس وقت تک …