بدھ , 24 اپریل 2024

ممنوعہ فنڈنگ کیس،عمران خان کی عبوری ضمانت میں توسیع

لاہور :عمران خان کیخلاف ممنوعہ فنڈنگ کیس میں بینکنگ کورٹ نے عبوری ضمانت میں دس فروری تک توسیع کرتے ہوئے انتباہ جاری کیا ہے کہ اگلی سماعت پر عدم حاضری کی صورت میں ضمانت خارج کر دیں گے۔بینکنگ کوٹ میں آج بروز منگل 31 جنوری کو سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین عمران خان کے خلاف ممنوعہ فنڈنگ کے کیس کی سماعت ہوئی۔

آج ہونے والی سماعت میں وکیل نے پیش ہوکر استثنیٰ کی درخواست دائر کی۔ وکیل نے مؤقف اپنایا کہ ان کے مؤکل کو ایک سے زیادہ گولیاں لگی ہیں جس کے باعث نقل و حرکت نہیں کر پا رہے۔ ایف آئی اے خود زمان پارک نہیں آنا چاہتی تو سوالنامہ دے دیا جائے۔اس موقع پر اسپیشل پراسیکیوٹر رضوان عباسی بولے کئی ویڈیوز دکھا سکتے ہیں جن میں عمران خان چل پھر رہے ہیں، غریب آدمی پیش نہ ہو تو ضمانت منسوخ ہوجاتی ہے، عمران خان آج وارننگ کے باوجود پیش نہیں ہوئے، عدالت ملزم کا کنڈکٹ دیکھ لے۔ قانون اندھا ہوتا ہے مگر اتنا بھی نہیں۔

جج رخشندہ شاہین نے عمران خان کے وکیل سے کہا بس بہت ہوگیا، اب میرے پاس کوئی آپشن نہیں، میرٹ پر آپ کا کیس جو بھی ہو ذاتی حاضری ضروری ہے۔عدالت نے عمران خان کی عبوری ضمانت میں 10 فروری تک توسیع تو کرتے ہوئے یہ بھی واضح کیا کہ اگلی تاریخ پر نئی درخواست لانے کی بھی کوشش کی تو ضمانت خارج ہوگی۔ عمران خان بے شک میرے سامنے آکر کھڑے نہ ہوں، فقط گراؤنڈ فلور پر حاضری لگوا دیں۔دوسری طرف پی ٹی آئی چیئرمین کیخلاف انسداد دہشت گردی عدالت میں احتجاج اور دفعہ ایک سو چوالیس کی خلاف ورزی کے کیس کی سماعت ہوئی۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے توشہ خانہ ریفرنس فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کا کیس سنا۔ دونوں کیسز میں چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت میں دس فروری تک توسیع کر دی گئی۔

یہ بھی دیکھیں

سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کردی

کراچی: سعودی عرب نے پاکستان کی معیشت کو استحکام دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ …