ہفتہ , 20 اپریل 2024

امریکا کا طالبان پر نئی پابندیاں لگانے کا اعلان

نیو یارک: امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے افغانستان میں خواتین کیلئے ملازمت اور تعلیم پر پابندی کے جواب میں طالبان پر نئی ویزا پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کردیا۔فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے بدھ کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ میں آج طالبان کے موجودہ یا سابق ارکان، غیر ریاستی سیکیورٹی گروپوں کے ارکان اور دیگر افراد پر اضافی ویزا پابندیاں عائد کررہا ہوں۔

انہوں نے بتایا کہ یہ پابندیاں اُن افراد پر عائد کی جارہی ہیں جن کے بارے میں خیال ہے کہ وہ افغانستان میں خواتین اور لڑکیوں کے حقوق سلب کرنے کے ذمہ دار ہیں۔امریکی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ طالبان کی خواتین پر لگائی جانے والی پابندیوں میں یونیورسٹی جانے کی اجازت نہ دینا اور این جی اوز کے ساتھ کام سے روکنے کا فیصلہ شامل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ واشنگٹن اتحادی ممالک کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گا تاکہ طالبان پر واضح ہوسکے کہ انہیں اپنے اقدامات کی بھاری قیمت چُکانا پڑے گی۔افغان طالبان کے سپریم لیڈر ہیبت اللہ اخونزادہ نے خواتین کیلئے مکمل پردے کو لازمی قرار دیا تھا۔ ان کی جانب سے جاری حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ خواتین خود کو سر سے پاؤں تک ڈھانپنے والا برقع پہنیں جو روایتی اور باعزت طریقہ ہے۔اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ طالبان کی جانب سے خواتین امدادی کارکنوں پر پابندی اہم انسانی امداد کے منصوبوں کیلئے ’بہت بڑا دھچکا‘ ثابت ہوسکتا ہے۔طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد افغانستان کے معاشی حالات بہت خراب ہیں کیونکہ امریکا نے افغان اکاؤنٹس منجمد کردیئے اور عالمی اداروں کی جانب سے امدادی رقوم بھی روک دی گئی تھیں۔

یہ بھی دیکھیں

روس کے الیکشن میں مداخلت نہ کی جائے: پیوٹن نے امریکا کو خبردار کر دیا

ماسکو: روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ …