جمعہ , 19 اپریل 2024

عمران خان کا راستہ روکنے کیلئے ہر غیر قانونی قدم اٹھایا جا رہا ہے: پرویز الہٰی

لاہور:سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی سے سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے ملاقات کی ہے، اس موقع پر سابق وزرا راجہ بشارت، چودھری ظہیر الدین، سعدیہ سہیل بھی موجود تھے، ملاقات میں سیاسی صورتحال اور نگران حکومت کے انتقامی اقدامات پر مشاورت کی گئی۔

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب انتقامی سرگرمیوں کا مرکز بن چکا ہے، روز سیاسی مخالفین کے خلاف مقدمات اور گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے، نگران حکومت مکمل طور پر جانبدار ہو چکی ہے اور انتقام کے ایجنڈے پر گامزن ہے۔

چودھری پرویز الہٰی نے مزید کہا کہ مقدمات، گرفتاریاں، چھاپے، پنجاب میں صرف انتقام کا ایجنڈا سرگرم ہے، پنجاب میں پولیس کا بدترین استعمال کیا جا رہا ہے، حکمرانوں کو صرف پوسٹنگ ٹرانسفرز اور سیاسی مخالفین کو کچلنے کی فکر ہے، چن چن کر شریف فیملی کے وفادار آفیسرز تعینات کیے جا رہے ہیں۔

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا تحریک انصاف اور ہمارے خلاف جھوٹے مقدمات اور گرفتاریوں کا سلسلہ عروج پر ہے، نگران بھول گئے ہیں کہ وہ اڑھائی ماہ کے مہمان ہیں، عمران خان کا راستہ روکنے کیلئے ہر غیر قانونی قدم اٹھایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا عمران خان سے خوفزدہ حکمران روز انکے خلاف نیا پلان بناتے ہیں، اللہ تعالیٰ کی رحمت اور عوام کی محبت عمران خان اور اتحادیوں کے ساتھ ہے، عمران خان کی مقبولیت سے خوفزدہ پی ڈی ایم اب سیاسی مخالفین کو مقدمات سے ڈرانے کی کوشش کر رہی ہے۔

یہ بھی دیکھیں

سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کردی

کراچی: سعودی عرب نے پاکستان کی معیشت کو استحکام دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ …