پیر , 27 مارچ 2023

زلزلہ زدہ شام: 40 گھنٹوں بعد ملبے سے پورے خاندان کو زندہ نکال لیا گیا

استنبو ل :رکیہ اور شام میں تباہ کن زلزلے کے بعد المناک اور سوگوار مناظر دیکھنے میں آرہے ہیں، تاہم ایسے میں ایک ویڈیو جاری کی گئی ہے جس نے دنیا بھر میں خوشی کی لہر دوڑا دی۔عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق شام میں زلزلے سے تباہ عمارت کے ملبے سے امدادی کارکنوں نے 40 گھنٹے کی مسلسل کوششوں کے بعد پورے خاندان کو زندہ نکال لیا، جس میں کئی بچے بھی شامل ہیں۔

انسٹا گرام اکاؤنٹ ’’ملھم ٹیم‘‘ کی طرف سے شائع کردہ ایک نئی ویڈیو میں دیکھا گیا کہ شمالی شام میں سول ڈیفنس کی جانب سے 40 گھنٹے سے زیادہ کی انتھک محنت کے بعد ملبے تلے دبے پورے خاندان کو زندہ بچالیا گیا۔ویڈیو کے مطابق امدادی کارکنوں نے جیسے ہی خاندان کے آخری فرد کو ملبے سے نکالا تو ہر طرف خوشی کی لہر دوڑ گئی اور پورا علاقہ ’’اللہ اکبر‘‘ کے نعروں سے گونج اٹھا۔امدادی کاموں میں مصروف ٹیم نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر لکھا۔ “الحمد للہ، ہم ایسی خوبصورت خبریں دیکھنے کے قابل ہوئے، اس ویڈیو نے باقی خاندانوں کو بچانے کیلئے ہماری روحوں میں زبردست امید پیدا کردی ہے’’۔

وائٹ ہیلمٹ ریسکیو ٹیم نے آج اعلان کیا کہ حزب اختلاف کے زیر قبضہ شمال مغربی شام میں کم از کم 900 افراد ہلاک اور 2300 زخمی ہوئے ہیں اور ان کی تعداد میں ”نمایاں طور پر“ اضافے کی توقع ہے۔شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا نے اطلاع دی ہے کہ حکومت کے زیر قبضہ صوبوں حلب، لاطاکیہ، حما، ادلب اور طارطوس میں کم از کم 812 افراد ہلاک اور 1449 زخمی ہوئے۔ترکیہ اور ہمسایہ ملک شام میں پیر کی علی الصبح 7.8 شدت کے زلزلے سے ہزاروں عمارتیں تباہ ہوگئیں، جن میں کئی رہائشی عمارتیں اور اسپتال بھی شامل ہیں، اب تک 11500 سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ ہزاروں افراد زخمی اور بے گھر ہوگئے۔ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد 20 ہزار سے تجاوز کرسکتی ہے۔

یہ بھی دیکھیں

برطانیہ کے ہاتھ بھی فلسطینیوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں: حماس

مقبوضہ بیت المقدس:اسلامی مزاحمتی تنظیم حماس نے اعلان کیا ہے کہ برطانیہ کے ہاتھ بھی …