کابل :شمالی وزیرستان کے ضلعی انتظامیہ اور سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان بارڈر کے دونوں اطراف رہنے والے منقسم اقوام کےلیے خصوصی گیٹ پاسز جاری کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ڈپٹی کمشنر ریحان گل خٹک کا کہنا تھا کہ یہ پیشکش افغانستان میں خوست، پکتیا اور پکتیکا میں رہنے والے پاکستانی شناختی کارڈ ہولڈرز کیلئے ہوگی۔
اعلامیے کے مطابق شمالی وزیرستان کے منقسم اقوام کابل خیل، مداخیل، سیدگی اور گربز کے ضرورت مند افراد کو خصوصی گیٹ پاس جاری کیے جائیں گے۔ خصوصی کارڈز کے ذریعے منقسم اقوام کے افراد غلام خان بارڈر پر باآسانی آمد و رفت کرسکیں۔حکام کے مطابق خصوصی کارڈز کیلئے فارمز جاری کئے جاچکے ہیں۔ کارڈ کے خواہشمند افراد فارم پُر کرکے متعلقہ تحصیلدار کے پاس جمع کرائیں۔ مکمل تصدیق کے بعد خصوصی گیٹ پاس جاری کئے جائیں گے۔
دوسری جانب شمالی وزیرستان کے اتمانزئی مشران اور منقسم اقوام نے اس اقدام پر پاک فوج اور ضلعی انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔