منگل , 23 اپریل 2024

الحشد الشعبی عراق کے انجینیئرز شامی زلزلہ زدگان کی امداد کیلئے روانہ

بغداد: زلزلہ آنے کے بعد شام کی جانب سے مدد کی درخواست پر عراق کی رضاکار دفاعی فورس "الحشد الشعبی” کے انجینئرز اور ڈاکٹرز کی ٹیم زلزلہ زدگان کی مدد کے لئے روانہ ہوگئی۔ میڈیا ذرائع نے بتایا کہ گذشتہ سوموار کی شب الحشد الشعبی عراق کے امدادی کارکنوں کی ٹیم شامی زلزلہ زدگان کی مدد کے لئے روانہ کر دی گئی۔

"المیادین” نیوز نیٹ ورک نے پیر کی شام اپنے نامہ نگار کے حوالے سے اطلاع دی کہ الحشد الشعبی کی ملٹری انجینئرنگ ٹیموں کو شام میں متاثرین کی مدد اور ملبہ ہٹانے کے لیے روانہ کر دیا گیا ہے۔ نیز "صابرین نیوز” کے ٹیلی گرام چینل نے خبر دی کہ الحشد الشعبی کی طبی ٹیمیں زلزلہ زدگان کی مدد کے لیے شمالی شام میں داخل ہوگئی ہیں۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز سوموار کی صبح ترکی اور شام میں 7.8 شدت کا زلزلہ آیا، جس کا مرکز ترکی تھا۔ اس کے علاوہ اس زلزلے کی زد میں مغربی ایشیاء اور مشرقی بحیرہ احمر کے زیادہ تر علاقے بھی آئے۔ زلزلہ پیما مراکز کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ یہ زلزلہ ترکی اور شام کی سرحد اور ترکی کے شہر "غازی آنتپ” سے 26 کلومیٹر شمال مشرق میں آیا۔

رپورٹس کے مطابق، یہ زلزلہ ترکی، شام، لبنان، فلسطین، عراق، اُردن، مصر، سعودی عرب میں آیا، اس کے علاوہ یوکرائن اور یونان، بلغاریہ جیسے یورپ کے دیگر ممالک بھی اس کی زد میں آئے۔ اس زلزلے کے بعد شام کے صدر بشار الاسد نے کابینہ کے ارکان کی موجودگی میں ملک کو ہونے والے انسانی و مالی نقصانات کا جائزہ لینے اور اس کے حوالے سے ضروری اقدامات کرنے کے لیے ہنگامی اجلاس منعقد کیا۔ نیز شام کی وزارت دفاع نے تمام صوبوں میں اپنے تمام یونٹس، تنظیموں اور اداروں کو اپنی عوام کی فوری مدد، ملبے تلے پھنسے افراد کو نکالنے اور زخمیوں کی مدد کے لیے متحرک کر دیا ہے۔

یہ بھی دیکھیں

ترک صدر اردوغان نے نیتن یاہو کو غزہ کا قصائی قرار دیدیا

انقرہ:ترک صدر رجب طیب اردوغان نے نیتن یاہو کو غزہ کا قصائی قرار دیا ہے۔ترکی …