بدھ , 24 اپریل 2024

دنیا بھر میں اسکول جانے والے ایک تہائی بچوں کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں، یونیسکو

نیویارک:اقوام متحدہ کے ادارہ برائے سائنس، تعلیم اور ثقافت یونیسکو نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں اسکول جانے والے ہر 3 میں سے ایک بچے کو پینے کے صاف پانی تک رسائی حاصل نہیں جس کے نتیجے میں طالبعلموں کی صحت اور سیکھنے کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے۔

یونیسکو کی جانب سے جاری ایک نئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ دنیا بھر میں اسکول جانے والے ایک تہائی بچے پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ دنیا بھر میں ہر 3 میں سے ایک اسکول میں ٹوائلٹ اور نکاسی آب کی بنیادی سہولیات موجود نہیں جبکہ لگ بھگ 50 فیصد اسکولوں میں پانی اور صابن سے ہاتھ دھونے کی سہولیات دستیاب نہیں۔

رپورٹ مرتب کرنے والے ماہرین نے بتایا کہ پینے کا صاف پانی اور ہاتھ دھونے کی سہولیات بچوں کو ہیضہ اور نظام تنفس کے امراض سے بچانے کے لیے اہم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پینے کے صاف پانی سے محروم اسکول طالبعلموں کے لیے کھانا بھی تیار نہیں کرسکتے جس سے بچے کم خوراکی کا شکار ہو جاتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کی حکومتوں کو پانی اور نکاسی آب کے ساتھ ساتھ ان تمام شعبوں میں زیادہ سرمایہ کاری کرنا چاہیے جس سے بچے معیاری تعلیم حاصل کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر بچوں کی صحت اچھی نہیں ہوگی یا انہیں اسکولوں میں تحفظ نہیں ملے گا تو ان کے لیے تعلیم کا حصول بھی بہت مشکل ہو جائے گا۔

 

یہ بھی دیکھیں

ترک صدر اردوغان نے نیتن یاہو کو غزہ کا قصائی قرار دیدیا

انقرہ:ترک صدر رجب طیب اردوغان نے نیتن یاہو کو غزہ کا قصائی قرار دیا ہے۔ترکی …