منگل , 23 اپریل 2024

بھارت کی امریکہ سے تاریخی ڈیل؛ 200 مسافر طیارے خریدے گا

واشنگٹن:غیر ملکی ذرائع کا کہنا ہے کہ وائٹ ہاؤس نے اعلان کیا ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن اور ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی نے ایئر انڈیا کو امریکی ساختہ 200 سے زائد مسافر بردار طیاروں کی فروخت پر بات چیت کی۔

بتایا گیا ہے کہ فریقین نے فون کال کے دوران ہوا بازی کی صنعت میں امریکہ-بھارت تعاون اور دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔

وائٹ ہاؤس نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ آج صدر جو بائیڈن نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ بات کی تا کہ بوئنگ کمپنی سے 200 سے زیادہ امریکی ساختہ طیارے خریدنے کے لیے ایئر انڈیا کے تاریخی معاہدے پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ اس معاہدے سے 44 امریکی ریاستوں میں 10 لاکھ سے زیادہ ملازمتوں کو حمایت ملنے کی توقع ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ بائیڈن اور مودی نے امریکہ اور ہندوستان کے درمیان اسٹریٹجک ٹیکنالوجی پارٹنرشپ کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

مزید برآں مذکورہ بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں ملکوں کے رہنماؤں نے ایک بار پھر امریکہ بھارت تعلقات کی مضبوطی پر زور دیا اور اقتصادی ترقی کو آگے بڑھانے اور مشترکہ تعاون کو بڑھانے کے لیے مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

خیال رہے کہ ابھی چند ماہ قبل بھی امریکہ کے صدر نے ہندوستان کے ساتھ اپنے ملک کے تعلقات کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ واشنگٹن اور نئی دہلی ایسے شراکت دار ہیں جن کا کوئی متبادل نہیں۔ اس سلسلے میں امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا کہ امریکہ اور بھارت بین الاقوامی نظام کا دفاع کرتے ہیں۔ یاد رہے کہ بائیڈن کا ہندوستان کو یہ پیغام ملک کی آزادی کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر ایک بیان میں جاری کیا گیا۔

بائیڈن نے اپنے بیان میں کہا کہ ہندوستان اور امریکہ قابل اعتماد شراکت دار ہیں اور ان کی اسٹریٹجک شراکت داری قانون کی حکمرانی اور آزادی اور انسانی وقار کے فروغ کے لیے مشترکہ عزم پر مبنی ہے۔ بائیڈن کے مطابق آنے والے برسوں میں ہندوستان اور امریکہ دو جمہوری ملکوں کے طور پر قانون پر مبنی نظم و ضبط، امن، خوشحالی اور لوگوں کے لیے زیادہ سے زیادہ تحفظ کا دفاع کریں گے اور مختلف چیلنجوں میں ایک آزاد ہندوستان اور کھلے بحرالکاہل کو آگے بڑھانے میں مدد میں ایک ساتھ کھڑے ہوں گے۔

یہ بھی دیکھیں

عمران خان نے تحریک انصاف کے کسی بڑے سیاسی رہنما کے بجائے ایک وکیل کو نگراں چیئرمین کیوں نامزد کیا؟

(ثنا ڈار) ’میں عمران کا نمائندہ، نامزد اور جانشین کے طور پر اس وقت تک …