جمعرات , 30 مارچ 2023

ایرانی جوہری مذاکرات رکے نہیں بلکہ جاری ہیں، عراقی وزیر خارجہ

بغداد: عراق کے وزیر خارجہ "فواد حسین” نے گذشتہ روز جمعرات کی شام ایک ٹی وی چینل کو انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے اپنے دورہ واشنگٹن کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔ عراقی وزیر خارجہ سے امریکی نمائندہ برائے ایرانی امور رابرٹ مالی کی ملاقات اس انٹرویو میں محور گفتگو رہی۔ میزبان کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں فواد حسین نے بتایا کہ یہ ملاقات ایران-عراق تعلقات کے بارے میں نہیں تھی، بلکہ رابرٹ مالی مجھے ایک دوست کے طور پر ملنے آئے اور خطے کے بارے میں میری رائے جاننا چاہی۔ میں بھی ایک دوست کی حیثیت سے ان سے ملا۔ البتہ اس ملاقات سے قبل ایران کے وزیر خارجہ نے مجھ سے ٹیلیفونک گفتگو کی۔

عراقی وزیر خارجہ سے پوچھا گیا کہ کیا اس ملاقات میں ایران سے پابندیاں ہٹانے پر بات ہوئی اور آیا امریکیوں نے ایران کے لئے کوئی پیغام بھیجا؟، جس کے جواب میں فواد حسین نے کہا کہ ہاں بالکل، جب ایران سے مذاکراتی عمل کا سربراہ مجھ سے ملنے آتا ہے اور دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ سے بھی میرا ٹیلیفونک رابطہ ہوتا ہے تو یقیناََ ہم ایک دوسرے کے ساتھ خیالات کا تبادلہ کرتے ہیں اور یہاں بھی ایسا ہی ہوا۔فواد حسین نے ایران کے لئے امریکہ کی جانب سے بھیجے گئے پیغام کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ مذاکرات ابھی تک جاری ہیں اور رکے نہیں ہیں، ایرانی جوہری مذاکرات ہمارے زیر بحث مسائل میں سے ایک تھے۔

یاد رہے کہ عراق کی وزارت خارجہ نے اتوار کی شام اعلان کیا تھا کہ فواد حسین اور امریکی نمائندہ برائے ایرانی امور رابرٹ مالی نے ہفتے کے روز واشنگٹن میں ایک دوسرے سے ملاقات اور مختلف موضوعات پر مشاورت کی۔ بغداد نے اعلان کیا تھا کہ اس گفتگو میں عراقی وفد کے اعلیٰ حکام اور امریکی حکومت کی سپریم قیادت کی حالیہ ملاقات پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ ویانا میں ہونے والے ایران سے 5+1 ممالک کے درمیان مذاکرات کی معطلی کی وجوہات اور اس سلسلے میں یورپ کے موقف کا جائزہ لیا گیا۔ یہ ملاقات ایسے وقت پر رونماء ہوئی، جب گیارہ فروری کو ایران و عراق کے وزرائے خارجہ نے آپس میں ٹیلیفونک تبادلہ خیال کیا۔ عراقی وزیر خارجہ اور حسین امیر عبداللہیان کے درمیان ہونے والی ٹیلیفونک گفتگو میں دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماوں نے ایران سے پابندیوں کے خاتمے کے مذاکرات سے متعلق اقدامات پر مشاورت کی۔ گفتگو کے اختتام پر فواد حسین نے ایرانی وزیر خارجہ کو بغداد کے دورے کی دعوت دی۔

یہ بھی دیکھیں

بھارتی آرمی چیف نے چین کیساتھ بڑی جنگ کا خطرہ ظاہرکردیا

نئی دہلی:بھارت کے آرمی چیف نےکہا ہے کہ انڈین سرحد پر چینی فوج کی دراندازی …