جمعہ , 19 اپریل 2024

پاکستان کا آئین تسلیم نہ کرنے والوں سے مذاکرات نہیں ہوسکتے، وزیر خارجہ

اسلام آباد:وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پاکستان کے آئین کو تسلیم نہ کرنے والوں سے مذاکرات نہیں ہوسکتے۔جرمن نیوز ایجنسی سے گفتگو میں بلاول بھٹو نے کہا کہ ہمسایہ ملک میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی تک پاکستان میں سیکیورٹی رسک رہے گا۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان حالیہ دنوں میں دہشت گردی سے بھی متاثر ہوا ہے اور افغانستان سے امریکی انخلا کے بعد دہشت گردی کی لہر میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی سرزمین پر دہشت گردوں کا مقابلہ کریں گے تاہم اس مسئلہ کے مستقل حل کے لئے افغانستان سے خطرات کو روکنا ضروری ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کو مشکل معاشی صورتحال کا سامنا ہے تاہم یہ ایک بار پھر ابھرتی معیشت بن کر اپنے مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ میونخ سکیورٹی کانفرنس کے موقع پر غیر ملکی چینل کو دیئے گئے حالیہ انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ یوکرائن جنگ اور سیلاب نے ملکی معیشت کو بہت نقصان پہنچایا ہے لیکن پاکستان ایک بار پھر ابھرتی معیشت بن کر اپنے مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایسے دور سے گزر رہا ہے جہاں اب غیر آئینی اقدام نہیں ہوں گے۔انہوں نے پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی، ملکی معیشت اور افغانستان کی صورت حال پر بھی اظہار خیال کیا۔

وزیر دفاع خواجہ آصف کے بیان کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ وزیر دفاع سیاسی تناظر میں بات کر رہے تھے، وہ تکنیکی نہیں بلکہ مشکل معاشی دور کا ذکر کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں بدترین معاشی بحران کا سامنا ہے، پاکستان کا ایک بڑا حصہ حالیہ سیلابی پانی میں ڈوبا ہے، سیلاب کی تباہی موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے ہے، سیلاب نے پاکستان کی معیشت کا رخ بدل دیا ہے اور پاکستان ابھی تک مشکلات سے باہر نہیں نکل سکا ہے اور اسی معاشی بحران سے نکلنے کے لیے ہم آئی ایم ایف سے مذاکرات کررہے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم نے اپنی ملکی تاریخ کا نصف سے زیادہ وقت براہ راست آمریت اور اس کے درمیان مختلف تبدیلیوں کے تحت گزارا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ بات یاد رکھنے کی ضرورت ہے کہ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں غیر جمہوری قوتوں کا اپنا وقت رہا ہے لیکن یہ کبھی طویل نہیں رہا۔

یہ بھی دیکھیں

رحیم یار خان : دو قبیلوں میں تصادم کے دوران آٹھ افراد جاں بحق

رحیم یار خان:رحیم یار خان کے نزدیک کچھ ماچھک میں دو قبیلوں میں تصادم کے …