تہران:وزارت خارجہ نے یورپی یونین پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ممالک جنہوں نے عالمی معاہدوں اور بین الاقوامی حقوق کو پاؤں تلے روندا ہے، انہیں دوسرے ممالک کو انسانیت کا درس دینے کا حق حاصل نہیں ہے۔
یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزپ بورل نے ایک بیان جاری کرکے دعوی کیا ہے کہ ایران برطانیہ اور دیگر یورپی ممالک کے باشندوں کو بلاوجہ گرفتار کر رہا ہے۔ انہوں نے دعوی کیا کہ دوہری شہریت رکھنے والے ایرانی نژاد یورپی باشندوں کو سیاسی اہداف کے تحت گرفتار کیا جا رہا ہے جس پر اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے جوزف بورل کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بعض یورپی ممالک نے عالمی قوانین اور معاہدوں کو پاؤں تلے روند ڈالا اور انسانی حقوق کا مضحکہ بنا کر رکھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی حالت میں ان ممالک کو نہ حق حاصل ہے نہ ہی ان میں اس بات کی صلاحیت پائی جاتی ہے کہ انسانی حقوق اور اس کے اصول پر اظہار خیال کریں۔
ناصر کنعانی نے کہا کہ بعض یورپی ممالک نے اپنی ایجاد کردہ غیرقانونی پابندیوں کے تحت، بڑی تعداد میں ایرانی شہریوں کو گرفتار اور ان پر بے بنیاد الزامات عائد کرکے، انہیں طویل المدت قید یا پھر ایران دشمن ممالک کے حوالے کیا ہے۔
ترجمان وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ان یورپی حکومتوں نے عالمی معاہدوں اور قوانین کو پس پشت ڈالتے ہوئے، اپنے ممالک کے غیرمنصفانہ سیاسی اور عدالتی فیصلوں کو دیگر ممالک کے شہریوں اور اداروں پر مسلط کیا ہے اور مکاری کے ساتھ دوسرے ممالک کو ان فیصلوں پر عملدرآمد کی ہدایت بھی دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کو اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کا بخوبی علم ہے جس پر ملک کے قوانین کا پاس رکھتے ہوئے عملدرآمد بھی کیا جا رہا ہے۔ناصر کنعانی نے کہا کہ یورپی حکومتوں کو تجویز دی جاتی ہے کہ اپنے غیرمعمول، جارحانہ انداز اور پروپیگنڈوں کے بجائے، عالمی قوانین کے پیش نظر کم از کم اپنے ہی پیش کردہ بعض اصولوں پر عمل کریں۔