بدھ , 24 اپریل 2024

جارحیت کا خاتمہ نہ ہوا تو دشمن کی اہم تنصیبات کو نشانہ بنائیں گے، یمنی وزیر دفاع

صنعا:یمن کے وزیر دفاع جنرل "محمد ناصر العاطفی” نے کہا ہے کہ اگر دشمن منصفانہ امن قبول نہیں کرتا تو دنیا جارحین کی سرزمین سے اسٹریٹجک اور اہم تنصیبات پر حملے کی آوازیں سنے گی۔ انہوں نے آج اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہم درپیش چیلینجز اور خطرات سے آگاہ ہیں۔ ہم دشمن اور اس کے ایجنٹوں کی جانب سے حیلہ و فریب اور ٹائم پاس کی چالوں سے واقف ہیں۔ جنرل ناصر العاطفی نے کہا کہ اگر دشمن امن کی بحالی کے لئے دستیاب فرصت سے فائدہ نہیں اٹھاتا، سچائی نہیں سنتا اور عزت مندانہ امن قبول نہیں کرتا تو پھر ہم نے ایسے وسائل اور قدرت حاصل کی ہے کہ اس کھیل کو انجام تک پہنچائیں گے اور ہر قسم کے نتائج کا ذمے دار خود جارح سعودی اتحاد ہوگا۔ یمنی وزیر دفاع نے کہا کہ ہمارا ارادہ پختہ اور عزم غیر متزلزل ہے اور مسئلہ فلسطین سمیت امت اسلامیہ کے مسائل کے حوالے سے ہمارا ایک ٹھوس موقف ہے۔

یاد رہے کہ سعودی عرب نے امریکی سرپرستی میں متحدہ عرب امارات سمیت دیگر عرب ممالک کا اتحاد تشکیل دے کر اپریل 2016ء سے غریب اور فقیر ترین ملک یمن پر چڑھائی کر رکھی ہے، تاکہ سابقہ مفرور صدر عبد ربہ منصور ہادی کو واپس لاسکے اور خطے میں اپنے سیاسی اہداف کو عملی جامہ پہنا سکے۔ لیکن جارح سعودی اتحاد یمنی عوام و مسلح افواج کی جرأت مندانہ مزاحمت اور ان کی خصوصی میزائل و ڈرون کارروائیوں کی وجہ سے یہ اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہا۔ اس مقاومت کے نتیجے میں سعودی اتحاد کو مجبوراََ جنگ بندی قبول کرنا پڑی، جو کہ سعودی اتحاد کی جانب سے مسلسل خلاف ورزیوں کے بعد تین مرتبہ دو دو ماہ میں توسیع کے بعد ختم ہوگئی۔ فی الحال یہ جنگ بندی ختم ہوچکی ہے۔ البتہ اس کی بحالی کے لئے مغرب کی نام نہاد کوششیں جاری ہیں۔

یہ بھی دیکھیں

عمران خان نے تحریک انصاف کے کسی بڑے سیاسی رہنما کے بجائے ایک وکیل کو نگراں چیئرمین کیوں نامزد کیا؟

(ثنا ڈار) ’میں عمران کا نمائندہ، نامزد اور جانشین کے طور پر اس وقت تک …